ایک معروف ایئرلائن نے اچانک اپنی تمام خدمات بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے ساتھ ہی مسافروں کے لیے طے شدہ تمام پروازیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں ۔
برطانوی فضائی کمپنی بلو آئی لینڈز نے غیر متوقع طور پر آپریشنز روکنے کا فیصلہ کیا، جس کے باعث مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام پروازیں فی الفور منسوخ کی جا رہی ہیں اور مسافروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایئرپورٹ نہ پہنچیں جب تک کہ ان کے لیے کوئی متبادل انتظام نہ کیا جائے ۔
بلو آئی لینڈز، جو چینل آئی لینڈز میں قائم ایک ایئر کیریئر ہے، جرسی اور گرنسی سے برطانیہ کے سات مختلف ایئرپورٹس کے لیے پروازیں چلاتی تھی، جبکہ چند بین الاقوامی روٹس پر بھی اس کی سروس موجود تھی ۔ تاہم اچانک انتظامیہ نے ایئرلائن کو بند کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ۔
ایئرلائن نے اپنے اعلان میں بتایا کہ 14 نومبر 2025 سے تمام آپریشنز باقاعدہ طور پر معطل کر دیے گئے ہیں ۔ کمپنی نے اس صورتحال کے باعث مسافروں کو ہونے والی تکلیف پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ایک اور ملک نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان ثالثی کی پیشکش کر دی
سرکاری ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بلو آئی لینڈز کے تحت چلنے والی آئندہ تمام پروازیں منسوخ کی جاتی ہیں ۔ براہِ مہربانی جب تک متبادل انتظام نہ ہو جائے ایئرپورٹ آنے سے گریز کریں ۔
کمپنی کی آخری پرواز 14 نومبر کو شام 7:40 بجے جرسی ایئرپورٹ پر اُتری۔ اندازہ ہے کہ اس فیصلے سے تقریباً 100 ملازمین اپنی نوکریوں سے محروم ہو جائیں گے۔
ایئرلائن نے براہِ راست بکنگ کروانے والے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے بینک سے رابطہ کریں ، جبکہ ٹریول ایجنٹ کے ذریعے بکنگ کرنے والوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ ایجنسی سے رابطہ کریں ۔
یوکے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی کنزیومر اینڈ مارکیٹس ڈائریکٹر سلینا چڈھا کا کہنا ہے کہ بلو آئی لینڈز کی تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں اور مسافروں کو تازہ ترین معلومات کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ویب سائٹ ملاحظہ کرنی چاہیے ۔
واضح رہے کہ بلو آئی لینڈز کی بنیاد 2006 میں رکھی گئی تھی، جب اس کا نام راک ہاپر تھا۔ کووِڈ کے دوران برطانوی حکومت نے ایئرلائن کو سروس جاری رکھنے کیلئے 8.5 ملین پاؤنڈ کا قرض دیا تھا تاہم اس سال اگست میں سامنے آنے والی ایک رپورٹ کے مطابق کمپنی پر اب بھی تقریباً 7 ملین پاؤنڈ کا قرض باقی تھا ۔




