اسلام آبادخودکش حملہ کی مذمت،ملزمان کوکٹہرے میں لایا جائے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

نیویارک : اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں منگل کے مہلک خودکش حملے کی مذمت کی ہے اور قصورواروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

نائب ترجمان فرحان عزیز حق نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں دوپہر کی معمول کی بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہاکہ سیکرٹری جنرل مبینہ خودکش حملے سے بہت غمزدہ ہیں، اور وہ متاثرین کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہیں اور زخمیوں کی مکمل صحت یابی کی خواہش کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آبادکچہری خود کش حملے کی ابتدائی رپورٹ تیار، حملہ آور کا تعلق باجوڑ سے نکلا

ترجمان نے کہا کہ سیکرٹری جنرل تشدد اور دہشت گردی کی کارروائیوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

ترجمان نے اس بات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے تمام مرتکب افراد کو جوابدہ ہونا چاہیے۔

اقوام متحدہ کے سربراہ نے اسلام آباد کے علاقے G-11 میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کی عمارت کے باہر ہونے والے حملے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا، جس میں 12 افراد شہید اور 36 زخمی ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جارحیت کا وار خالی نہیں جانے دینگے، وزیر دفاع نے افغانستان میں کارروائی کا عندیہ دیدیا

یاد رہے کہ اسلام آباد میں گزشتہ روز خودکش حملہ ہوا جبکہ دوسری طرف جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا  کےکیڈٹ کالج پر بھی دہشتگروں نے حملہ کیا ، وانا میں سکیورٹی فورسز نے حملہ ناکام بنایا لیکن اسلام آباد میں12 معصوم شہری شہید ہوئے۔

حکومت نے اسلام آباد میں خودکش حملے کے بعد سکیورٹی انتظامات سخت کردیئے جبکہ حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم جماعت الاحرار نے قبول کی ہے۔