ویمنز ورلڈ کپ

ویمنز ورلڈکپ : جنوبی افریقہ کو شکست ، بھارت نے ٹائٹل جیت لیا

ممبئی (کشمیر ڈیجیٹل) آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2025 کے فائنل میں بھارت نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو 52 رنز سے شکست دے دی ۔

میچ کا آغاز آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث 2 گھنٹےتاخیرسے ہوا،  تاہم  بھارتی اوپنرز نے انتہائی جارحانہ طریقے سے اننگز کاآغاز کیا۔ شفیلی ورما نے 87 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی جبکہ اسمرتی مندھانا نے 45 رنز بنائے اور ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ دونوں بیٹرز نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 104 رنز بنائے ۔

شفیلی ورما نے 78 گیندوں پر 87 رنز اسکور کیے، جس میں 7 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ یہ ان کی تین سال بعد پہلی ون ڈے ففٹی اور مجموعی طور پر پانچویں نصف سنچری تھی ۔

وسطی اوورز میں جنوبی افریقی بولرز نے واپسی کی کوشش کی, ایابونگا کھاکا نے 3 وکٹیں حاصل کرکے بھارتی بیٹنگ کی رفتار سست کی، جبکہ نونکولولیکو ملبا نے کپتان ہرمن پریت کور کو 20 رنز پر آؤٹ کر کے اہم کامیابی حاصل کی ۔

آخر میں دیپتی شرما نے ذمہ دارانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 58 رنز بنائے اور اننگز کو سہارا دیا۔ رچا گھوش نے 24 گیندوں پر 34 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور 298 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ۔

بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 298 رنز بنائے، اور جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 299 رنز کا ہدف دے دیا ۔

جوابی اننگز میں جنوبی افریقہ کی جانب سے کپتان لورا وولفارڈٹ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 98 گیندوں پر 101 رنز کی سنچری اسکور کی، جس میں 11 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ اوپنر تزمین بریٹس نے بھی 23 رنز جوڑے مگر رن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئیں، جبکہ اینیکے بوش بغیر کوئی رن بنائے ایل بی ڈبلیو ہوئیں ۔

سنے لوس نے 25 رنز بنائے اور مریزانے کیپ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ وکٹ کیپر سائنالو جافتا نے 16 رنز اسکور کیے، جبکہ اینری ڈریکسن نے جارحانہ انداز میں 35 رنز کی اننگز کھیلی۔ کلوی ٹرائیون 9 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوئیں ۔

نادین ڈی کلرک نے 18 رنز اسکور کیے، جبکہ آیابونگا کھاکا صرف ایک رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئیں۔ نونکولو لیکو ملا با صفر پر ناٹ آؤٹ رہیں، جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 246 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور بھارت نے یہ میچ 52 رنز سے جیت لیا ۔

Scroll to Top