فٹبال کے میدان میں رونالڈو کے بیٹے کی باقاعدہ انٹری، ڈیبیو میں پرتگال کی فتح!

فٹبال کی دنیا میں ایک نیا باب رقم ہوا جب عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی اور پرتگال کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو کے بیٹے کرسٹیانو رونالڈو جونیئر نے بین الاقوامی فٹبال میں باضابطہ قدم رکھ دیا۔ ترکی میں جاری فیڈریشن کپ کے دوران رونالڈو جونیئر نے پرتگال کی انڈر 16 ٹیم کی جانب سے پہلا بین الاقوامی میچ کھیل کر اپنی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا۔

جمعرات 30 اکتوبر کو ہونے والے اس میچ میں 15 سالہ رونالڈو جونیئر کو اضافی وقت میں میدان میں اتارا گیا، جہاں انہوں نے مختصر مگر یادگار ڈیبیو پیش کیا۔ اس موقع پر پرتگال نے میزبان ترکی کو 0–2 سے شکست دی۔ ٹیم کے لیے اسپورٹنگ سی پی کے سیموئل تاوریس اور ایس سی براگا کے رافائل کابریل نے گول اسکور کیے۔

رونالڈو جونیئر کا یہ آغاز ایسے وقت میں سامنے آیا جب انہوں نے سعودی عرب میں النصر کلب کی نوجوان ٹیم کے ساتھ شاندار کارکردگی دکھائی، جہاں ان کے والد بھی سینئر ٹیم کے لیے کھیل رہے ہیں۔ ان کی کارکردگی نے انہیں پرتگال کی انڈر 16 ٹیم میں جگہ دلائی، جو ان کے فٹبال سفر میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوئی۔

رواں سال رونالڈو جونیئر نے ولاتکو مارکووچ انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کے فائنل میں کروشیا کے خلاف دو گول اسکور کر کے پرتگال کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے کامیابی دلائی تھی۔ اس کامیابی کے بعد کوچز کا کہنا تھا کہ یہ نوجوان کھلاڑی غیر معمولی ٹیلنٹ رکھتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے فٹبالرز کی فہرست جاری، کرسٹیانو رونالڈو بدستور سرفہرست

پرتگالی کوچ کے مطابق، “وہ صبر، محنت اور درست تربیت کے ساتھ کھیل سیکھ رہا ہے۔ اس کے نام سے دباؤ ضرور ہے، لیکن وہ اپنی جگہ اپنی محنت سے بنا رہا ہے۔”

دوسری جانب، کرسٹیانو رونالڈو سینئر فٹبال کی تاریخ میں نئے ریکارڈز قائم کر رہے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے 950 سے زائد گولز مکمل کر کے مردوں کے عالمی فٹبال میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب اب میرا گھر ہے‘ رونالڈو کاسعودیہ کے لیے اپنی محبت کا اظہار

رونالڈو نے اپنے بیٹے کے خوابوں پر بات کرتے ہوئے کہا تھا، “وہ مجھ سے کہتا ہے کہ وہ مجھ سے بہتر بننا چاہتا ہے۔ میں اسے کہتا ہوں کہ یہ آسان نہیں، لیکن اگر محنت کرو تو ناممکن بھی ممکن ہو جاتا ہے۔”

پرتگال کی انڈر 16 ٹیم اب اپنے اگلے میچز میں یکم نومبر کو ویلز اور 4 نومبر کو انگلینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی، جبکہ فٹبال شائقین کو امید ہے کہ رونالڈو جونیئر اپنے اگلے میچوں میں مزید متاثر کن کارکردگی دکھائیں گے۔

Scroll to Top