کسی بھی بیرونی جارحیت کا جواب سخت اور شدید ہوگا،پاک فوج دفاع وطن کے لیے پرعزم: ترجمان پاک فوج

ایبٹ آباد: (کشمیر ڈیجیٹل) ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاک فوج دفاع وطن کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے، کسی بھی بیرونی جارحیت کا جواب سخت اور شدید ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ افواج پاکستان ہمہ وقت چوکنا ہیں اور ملک کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

ایبٹ آباد میں مختلف جامعات کے اساتذہ اور طلبہ سے نشست کے دوران ترجمان پاک فوج نے خصوصی گفتگو کی۔ نشست میں اساتذہ، طلبہ اور انتظامیہ کی بڑی تعداد شریک تھی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے حالیہ پاک افغان کشیدگی، ملکی سکیورٹی کی صورتحال اور فتنہ الخوارج کے خلاف اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

مزید برآں، ترجمان پاک فوج نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھرپور اور مؤثر اقدامات کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان نے قوم کی حمایت سے دہشت گردی کا قلع قمع کیا ہے اور ملک کو امن و استحکام کی راہ پر گامزن کیا ہے۔ گفتگو کے دوران لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ قوم کی یکجہتی اور اعتماد پاک فوج کی اصل طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن عناصر نوجوانوں کے ذہنوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لہٰذا درست اور مصدقہ معلومات کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں، ہمیں انہیں قومی سلامتی کے اصولوں اور حب الوطنی کے جذبے سے روشناس کرانا چاہیے تاکہ وہ ملک کے دفاع میں اپنا فعال کردار ادا کر سکیں۔ وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی ڈاکٹر اکرام اللہ خان نے کہا کہ وطن سے محبت کا حقیقی استعارہ پاک فوج ہے جو ہمیشہ محاذِ اول پر رہتی ہے۔ اساتذہ نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کو دشمن پروپیگنڈے سے بچانے کے لیے سچائی اور شعور کو فروغ دینا ہوگا۔

طلبہ نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم اس ملک کے شہری ہیں جہاں افواج پاکستان جیسے ادارے نوجوانوں کو حوصلہ اور قیادت فراہم کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ترجمان پاک فوج کے جوابات نے ملکی و صوبائی حالات کے حوالے سے ذہنوں سے ابہام دور کیے اور حب الوطنی کے جذبات کو مزید مضبوط کیا۔

یہ بھی پڑھیں: میرپور آزاد کشمیر میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر کا فیصلہ، رواں مالی سال میں کام شروع ہونے کا امکان

آخر میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اپنے شہداء اور غازیان کی قربانیوں پر فخر کرتی ہیں، دفاع وطن کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

Scroll to Top