لاہور: پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ ٹی 20 سیریز کا دوسرا میچ آج لاہور کے تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
مہمان ٹیم کو تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے جبکہ قومی ٹیم آج کا میچ جیت کر سیریز برابر کرنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
ذرائع کے مطابق آج کے میچ کے تمام ٹکٹس فروخت ہو چکے ہیں، جس کے بعد لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں شائقین کی بھرپور موجودگی متوقع ہے۔ شائقین اس مقابلے کے لیے بے حد پرجوش ہیں اور دونوں ٹیموں کی پرفارمنس پر نظریں جمائے ہوئے ہیں۔
میچ سے قبل دونوں ٹیموں نے قذافی اسٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس سیشنز کیے۔ قومی کھلاڑیوں نے فیلڈنگ، بیٹنگ اور بولنگ کے مختلف شعبوں میں بھرپور مشقیں کیں۔ ٹیم مینجمنٹ نے بھی تمام کھلاڑیوں کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور حکمتِ عملی کو حتمی شکل دی۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ کے کھلاڑیوں نے بھی نیٹ سیشن میں اپنی کارکردگی نکھارنے پر توجہ دی، تاکہ آج کے میچ میں اپنی برتری کو برقرار رکھا جا سکے۔
سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 55 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی تھی۔ مہمان ٹیم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مضبوط مجموعہ کھڑا کیا، جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم مقررہ اوورز میں ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔
اعدادوشمار کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 25 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جا چکے ہیں، جن میں سے 13 جنوبی افریقہ نے جیتے جبکہ 12 میں پاکستان کو کامیابی حاصل ہوئی۔ اس ریکارڈ کے مطابق آج کا میچ نہ صرف سیریز کے نتائج بلکہ مجموعی برتری کے لحاظ سے بھی اہمیت رکھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹیسٹ کرکٹ میں وقفے سے متعلق غیرمعمولی وتاریخی تبدیلی کا فیصلہ
پاکستانی ٹیم آج کے میچ میں جیت کے ساتھ نہ صرف سیریز برابر کرنے بلکہ اپنے مداحوں کو خوش کرنے کی امید رکھتی ہے۔




