سونے کی قیمت نے ایک بار پھر اونچی اڑان بھر لی۔ ایک دن کی تاریخی کمی کے بعد عالمی و مقامی مارکیٹس میں سونا پھر مہنگا ہوگیا۔
آل پاکستان صرافہ جیولرز اینڈ ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونا 3 ہزار 500 روپے کے اضافے سے 4 لاکھ 19 ہزار 862 روپے کا ہوگیا۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 3 ہزار روپے بڑھ کر 3 لاکھ 59 ہزار 963 روپے تک پہنچ گئی۔ فی تولہ چاندی کی قیمت میں بھی 110 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد نئی قیمت 5 ہزار 34 روپے ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں سونا 35 ڈالر بڑھ کر 3975 ڈالر فی اونس ہوگیا۔
گزشتہ روز کی تاریخی کمی
گزشتہ روز مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 14 ہزار روپے کی بڑی کمی ہوئی تھی، جبکہ 10 گرام سونے کا بھاؤ 12 ہزار 3 روپے کم ہو کر 3 لاکھ 56 ہزار 963 روپے ہوگیا تھا۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت بھی 140 ڈالر کم ہوکر 3940 ڈالر فی اونس رہی تھی۔
ماہرین کی رائے
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ ممکن ہے۔ ان کے مطابق بین الاقوامی حالات، ڈالر ریٹ اور طلب و رسد میں تبدیلیوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ماہرین یوکرین پر روسی حملوں کے بعد ماسکو کے اثاثوں کے منجمد ہونے کو بھی عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں اضافہ کی ایک بڑی وجہ قرار دیتے ہیں۔
عالمی ذخائر کی صورتحال
دنیا بھر میں سونے کے ذخائر کے لحاظ سے امریکا پہلے نمبر پر ہے جبکہ ایشیا میں یہ اعزاز چین کے پاس ہے۔ بھارت عالمی سطح پر آٹھویں اور ایشیا میں دوسرے نمبر پر ہے جبکہ پاکستان عالمی فہرست میں 49 ویں نمبر پر موجود ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکا، جرمنی اور اٹلی سونے کے ذخائر کے لحاظ سے سرفہرست ممالک ہیں۔ ایشیا میں چین اور بھارت سب سے زیادہ سونے کے ذخائر رکھتے ہیں۔
ورلڈ گولڈ کونسل کے مطابق مختلف ممالک کے مرکزی بینکوں نے 2024ء میں ایک ہزار میٹرک ٹن سے زائد سونا خریدا، جو پچھلی دہائی کی اوسط سالانہ خریداری کے تقریباً دگنا کے برابر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان، اطلاق یکم نومبر سے متوقع



