بدین میں بارشوں سے فصل تباہ، ٹماٹر کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

سندھ کے ضلع بدین میں حالیہ بارشوں کے باعث ٹماٹر کی فصل بری طرح متاثر ہوئی ہے جس کے نتیجے میں صوبے بھر میں ٹماٹر کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ کاشتکاروں اور تاجروں کے مطابق بدین، جو ٹماٹر کی پیداوار میں اہم مقام رکھتا ہے، اس سال شدید بارشوں کی وجہ سے بھاری نقصان سے دوچار ہوا ہے۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ بدین کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارشوں کے سبب ٹماٹر کی فصل مکمل طور پر تباہ ہوگئی، جس کے بعد کسانوں کو دوبارہ بیج بونا پڑا ہے۔ منڈیوں میں کاروباری سرگرمیاں ماند پڑچکی ہیں جبکہ صارفین کو بھی مہنگے داموں ٹماٹر خریدنے پڑ رہے ہیں۔

محکمہ زراعت کے مطابق، بارش سے متاثرہ رقبہ 80 ہزار ایکڑ سے زائد ہے جس پر ٹماٹر کاشت کیا گیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ مسلسل بارشوں نے زمین کو اتنا متاثر کیا کہ اگلی بوائی میں بھی تاخیر کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب، فصل کی تاخیر اور سپلائی رکنے کے باعث بدین کی ٹماٹر منڈی میں کاروباری سرگرمیاں تقریباً معطل ہیں۔ منڈی کے تاجروں کے مطابق، ٹماٹر کی عدم دستیابی نے صوبے بھر میں قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے، جس سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دشمن کی کسی بھی جارحیت کیخلاف پاک فوج اور عوام سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوں گے: ڈی جی آئی ایس پی آر

ماہرین زراعت کا کہنا ہے کہ ٹماٹر کے کاشتکاروں کو مالی نقصان کے ازالے اور منڈیوں میں معمول کے کاروبار کی بحالی کے لیے اقدامات ضروری ہیں۔ ان کے مطابق، بدین کی نئی فصل مارکیٹ میں آنے کے بعد ہی قیمتوں میں استحکام اور عوام کو ریلیف ملنے کی امید کی جا سکتی ہے۔

Scroll to Top