پاکستان میں محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے لحاظ سے رمضان المبارک کا پہلا روزہ 2 مارچ 2025 کو متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نئے چاند کی پیدائش 28 فروری کی شام 5 بج کر 45 منٹ پر ہوگی جو 29 شعبان کے دن کے برابر ہے اس لحاظ سے چاند کی رویت کا امکان یکم مارچ کو زیادہ ہے جس کے نتیجے میں رمضان کا پہلا روزہ اگلے دن یعنی 2 مارچ کومتوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یکم مارچ کی شام مطلع صاف ہونے کی صورت میں رمضان کا چاند دیکھے جانے کے قوی امکانات موجود ہیں، اس حوالے سے ملک بھر میں چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس بھی منعقد ہوں گے۔
دوسری جانب عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات اور خلیجی ممالک میں بھی رمضان کے چاند کی رویت کے لیے 28 فروری کا دن اہم ہوگا۔ ان رپورٹس کے مطابق خلیجی ممالک میں چاند 28 فروری کی شام کو دکھائی دینے کی توقع ہے جس کے باعث وہاں پہلا روزہ یکم مارچ کو ہو سکتا ہے تاہم پاکستان میں حتمی اعلان ہمیشہ کی طرح چاند دیکھنے کے بعد ہی کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر: بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ
یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ رواں سال رمضان کا آغاز موسمِ بہار کے دوران ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے دن کے وقت معتدل درجہ حرارت کی امید کی جا رہی ہے۔ ملک بھر کے عوام رمضان کے مقدس مہینے کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں، اور چاند نظر آنے کی خبر کے ساتھ ہی مذہبی جوش و خروش میں مزید اضافہ ہو گا۔