قومی ٹیم

قومی ٹیم پہلے ٹی 20 میں پنک کٹ کیوں پہنے گی؟ جانیے

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم چھاتی کے سرطان سے آگاہی کیلئے ایک خصوصی مہم میں حصہ لے رہی ہے، جس کے تحت قومی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف 28اکتوبر کو پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں گلابی تھیم والی خصوصی کٹ پہنے گی ۔

یہ اقدام اقوامِ متحدہ کے ویژن کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پنک ربن پاکستان کے باہمی اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔

پی سی بی نے اس شراکت داری کے ذریعے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ کرکٹ جیسے مقبول کھیل کو معاشرتی بھلائی اور عوامی آگاہی کے فروغ کے لیے استعمال کیا جائے ۔

اس موقع پر صرف کھلاڑی ہی نہیں بلکہ جنوبی افریقی ٹیم اور میچ آفیشلز بھی گلابی ربن پہنیں گے ، جو چھاتی کے سرطان سے متعلق عالمی سطح پر پہچانا جانے والا علامتی نشان ہے ۔

راولپنڈی میں ہونے والے اس تاریخی میچ کے دوران ہر پہلو میں گلابی رنگ کی جھلک دکھائی دے گی ۔ سٹمپس کو بھی گلابی رنگ دیا جائے گا جبکہ کمنٹیٹرز براہِ راست نشریات میں خواتین کی صحت سے متعلق آگاہی پیغامات شیئر کریں گے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ملتان سلطانز کے مالک علی ترین کی پی سی بی انتظامیہ پر شدید تنقید، نوٹس پھاڑ دیا

اس اقدام کا مقصد عوام کو یہ باور کرانا ہے کہ بروقت تشخیص اور علاج کے ذریعے چھاتی کا سرطان قابلِ علاج مرض ہے ۔

اس مہم کے تسلسل میں پنک ربن ہسپتال لاہور نے اعلان کیا ہے کہ 28 اکتوبر کو شہریوں کے لیے مفت سکریننگ اور طبی مشاورت فراہم کی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین مستفید ہو سکیں ۔

پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید نے کہا کہ کرکٹ ہمیشہ سے معاشرتی شعور اجاگر کرنے کا مؤثر ذریعہ رہا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کھیل کے ذریعے لوگوں میں آگاہی پھیلے اور ہر فرد اپنی صحت کے بارے میں باخبر ہو ۔

یہ مہم نہ صرف خواتین میں بیماری سے متعلق آگاہی کو فروغ دے گی بلکہ کرکٹ کے ذریعے سماجی ذمہ داری کے جذبے کو بھی اجاگر کرے گی ۔

Scroll to Top