دو روزہ مسلسل کمی کے بعد ملک بھر میں سونا اور چاندی کی قیمتیں آج مستحکم رہیں۔ معاشی غیر یقینی صورتحال اور عالمی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بدستور واضح ہیں۔ رواں ہفتے کے آغاز سے سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی کے بعد سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مقامی صرافہ مارکیٹ میں 24 قیراط فی تولہ سونا 4 لاکھ 44 ہزار 900 روپے جبکہ 10 گرام سونا 3 لاکھ 81 ہزار 430 روپے پر برقرار رہا۔ گزشتہ روز فی تولہ سونا 1400 روپے کمی کے بعد اسی سطح پر آگیا تھا۔ چاندی کی قیمت بھی آج بغیر کسی تبدیلی کے مستحکم رہی، فی تولہ چاندی 5 ہزار 261 روپے میں فروخت ہوئی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق حالیہ دنوں میں قیمتوں میں کمی کے باوجود طلب میں کوئی خاص اضافہ دیکھنے میں نہیں آیا، کیونکہ خریدار عالمی رجحان دیکھنے کے منتظر ہیں۔
یاد رہے کہ 18 اکتوبر کو بھی پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 10 ہزار 600 روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی تھی، جس کے بعد مارکیٹ میں غیر یقینی فضا پیدا ہو گئی تھی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں مزید کمی کا امکان ہے، تاہم ڈالر کے نرخ، بین الاقوامی معاشی حالات اور طلب و رسد کے دباؤ کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔دنیا بھر میں سونے کے ذخائر کے حوالے سے امریکہ بدستور پہلے نمبر پر ہے، جبکہ ایشیا میں چین سرفہرست ہے۔ بھارت عالمی سطح پر آٹھویں اور ایشیائی سطح پر دوسرے نمبر پر ہے، جبکہ پاکستان 49 ویں نمبر پر موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی، وفاق اور آزادکشمیر حکومت کے درمیان مذاکرات کے پہلے دور کا آغاز
ورلڈ گولڈ کونسل کی رپورٹ کے مطابق 2024ء میں مختلف ممالک کے مرکزی بینکوں نے مجموعی طور پر 1,000 میٹرک ٹن سے زائد سونا خریدا، جو پچھلی دہائی کی اوسط سالانہ خریداری کے تقریباً دگنا کے برابر ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق یہ عالمی سطح پر سونے کے ذخائر میں اعتماد کے تسلسل کو ظاہر کرتا ہے۔




