اے ٹی ایم مشین

سونااصلی ہے یا نقلی ؟ پرکھنے کیلئے جدید اے ٹی ایم مشین متعارف

دبئی:دنیا بھر میں سونے کے کاروبار میں اپنی منفرد پہچان رکھنے والے دبئی نے ایک اور انقلابی پیش رفت کرتے ہوئے سونا پرکھنے والی خودکار اے ٹی ایم مشین متعارف کرادی ہے ۔

چند سال قبل دبئی نے دنیا کو اس وقت حیران کر دیا تھا جب اس نے سونا دینے والی “گولڈ اے ٹی ایم” مشین متعارف کرائی تھی، اور اب ایک بار پھر دبئی میونسپلٹی نے ایسا قدم اٹھایا ہے جو عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن گیا ہے ۔

گلف نیوز کے مطابق، دبئی میونسپلٹی نے دنیا کی پہلی اسمارٹ گولڈ اینڈ جیولری ٹیسٹنگ لیب کا افتتاح کیا ہے، جو اے ٹی ایم کی طرز پر کام کرنے والی ایک جدید خودکار مشین ہے ۔

یہ مشین صرف 60 سیکنڈ میں سونا، چاندی، تانبہ، زنک اور دیگر قیمتی دھاتوں کی خالصیت (purity) جانچ کر فوری نتیجہ فراہم کرتی ہے ۔

اس آلے کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہ دھاتوں کی فیصدی شرح کے ساتھ ایک تفصیلی رپورٹ بھی جاری کرتا ہے، جو صارف کو ایس ایم ایس یا پرنٹ رسید کی صورت میں حاصل ہوسکتی ہے ۔ بالکل اسی طرح جیسے عام اے ٹی ایم یا کیش ڈپازٹ مشین رسید فراہم کرتی ہے ۔

دبئی میونسپلٹی کے مطابق، یہ خودکار مشینیں جلد ہی دبئی گولڈ سوک، بڑے شاپنگ مالز اور دیگر اہم مقامات پر نصب کی جائیں گی، تاکہ شہریوں اور سیاحوں کو اپنے زیورات کی خالصیت چیک کرنے کی سہولت باآسانی میسر ہو ۔

سونے کی خالصیت اور قیراط کے درجات:
ماہرین کے مطابق، سونے کو خالصیت کی بنیاد پر 24، 23، 22، 20، 18، اور 14 قیراط میں تقسیم کیا جاتا ہے۔

ان میں سے 22، 18 اور 14 قیراط کا سونا زیادہ تر زیورات بنانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے کیونکہ خالص (24 قیراط یا 995) سونا نرم ہوتا ہے اور زیورات کی مضبوطی برقرار رکھنے کے لیے اس میں دیگر دھاتیں شامل کی جاتی ہیں ۔

اگر کسی کھوٹ (mixture) میں 1000 ملی گرام میں 995 ملی گرام سونا موجود ہو تو اسے 24 قیراط (99.5 فیصد خالص) سونا سمجھا جاتا ہے ۔

دبئی کا یہ نیا قدم نہ صرف سونے کی تجارت میں شفافیت بڑھائے گا بلکہ اس شہر کو دنیا کا سب سے جدید گولڈ ٹریڈنگ حب بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا ۔

Scroll to Top