شکاگو میراتھون 2025: پاکستانی رنرز کی شاندار کارکردگی

دنیا کی معروف ترین دوڑوں میں شمار ہونے والی شکاگو میراتھون 2025 میں پاکستانی رنرز نے ایک بار پھر متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

اس عالمی ایونٹ میں دنیا بھر سے 53 ہزار سے زائد رنرز شریک ہوئے، جن میں پاکستان سمیت امریکا، برطانیہ، ناروے، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک میں مقیم پاکستانی و پاکستانی نژاد رنرز شامل تھے۔ سب نے عمدہ کارکردگی دکھا کر ملک و قوم کا نام روشن کیا۔

پاکستانی نژاد امریکی رنر سید علی حمزہ نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ’سب تھری‘ فنش کیا، وہ دو گھنٹے پچپن منٹ چودہ سیکنڈ میں فاصلہ طے کر کے تمام پاکستانی رنرز میں سب سے تیز قرار پائے۔

سلمان الیاس نے دو گھنٹے چھپن منٹ انتالیس سیکنڈ جبکہ نزار نایانی نے دو گھنٹے ستاون منٹ تینتالیس سیکنڈ میں دوڑ مکمل کی۔

پاکستان میں مقیم رنرز میں سب سے نمایاں کارکردگی کراچی کے فیصل شفیع نے دکھائی، جنہوں نے تین گھنٹے اٹھارہ منٹ باون سیکنڈ میں فاصلہ مکمل کیا۔ فیصل شفیع نے اسے اپنے کیریئر کی یادگار ترین دوڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس بار ابتدائی حصے میں رفتار قابو میں رکھی اور آخری لمحات میں تیز رفتاری اختیار کی۔

انہوں نے کہا کہ “میں نے اپنی حکمت عملی بدلی، دوسرے حصے میں تیز رفتاری رکھی جو اکثر رنرز نہیں کر پاتے۔ یہ میرے لیے فخر کا لمحہ ہے۔”

کراچی کی دانیا علی نے بھی شکاگو کی سڑکوں پر تاریخ رقم کی۔ انہوں نے ورلڈ میراتھون میجرز میں اپنا ڈیبیو کرتے ہوئے چار گھنٹے پینتالیس منٹ سات سیکنڈ میں دوڑ مکمل کی، جو ان کے کیریئر کی بہترین کارکردگی تھی۔

عائشہ قمر نے تین گھنٹے ایک منٹ میں دوڑ مکمل کر کے پاکستانی خواتین رنرز میں سبقت حاصل کی، لندن کی ماہین سلیمان شیخ نے تین گھنٹے پچپن منٹ انتیس سیکنڈ اور کراچی کی ثناء ملک نے چار گھنٹے چھبیس منٹ ستائیس سیکنڈ میں فاصلہ مکمل کیا۔

ثناء ملک نے بتایا کہ “یہ میرے لیے یادگار دوڑ رہی، میں نے اس سے پہلے ایسا مجمع نہیں دیکھا۔ آئندہ مزید محنت کر کے بہتر نتائج دینے کی کوشش کروں گی۔”

دیگر نمایاں پاکستانی رنرز میں بلال عمر (3:39:00)، یاور صدیقی (3:45:00)، شاہ فیصل خان (3:57:00)، ڈاکٹر صفدر علی (4:06:00)، عباس نقی (4:12:00)، یاسر سلیمان میمن (4:18:00) اور تاجدار اقبال (4:21:00) شامل ہیں۔

اسماعیلی برادری کے روحانی پیشوا پرنس رحیم آغا خان نے اپنی سالگرہ کے روز شکاگو میراتھون میں حصہ لیا اور چار گھنٹے انسٹھ منٹ پچیس سیکنڈ میں فاصلہ مکمل کیا۔ راستے میں موجود ان کے چاہنے والوں نے “ہیپی برتھ ڈے” کے نعروں سے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

یہ بھی پڑھیں: گورنر خیبر پختونخوا نے علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ اعتراض لگا کر واپس بھیج دیا

ایلیٹ کیٹیگری میں یوگنڈا کے جیکب کپلِمو نے دو گھنٹے دو منٹ تئیس سیکنڈ میں فاصلہ مکمل کر کے مردوں کا اعزاز حاصل کیا، جبکہ خواتین میں ایتھوپیا کی ہاوی فیسا گجیجا نے دو گھنٹے چودہ منٹ چھپن سیکنڈ میں فتح حاصل کی۔

Scroll to Top