گاجر صرف بینائی نہیں دل اور جلد کے لیے بھی فائدہ مند

ماہرین صحت کے مطابق گاجر میں موجود لیوٹین اور بیٹا کیروٹین آنکھوں کی صحت کے لیے اہم اینٹی آکسیڈنٹس ہیں جو بڑھتی عمر سے وابستہ آنکھوں کی بیماریوں خصوصاً عمر سے متعلق میکیولر ڈی جنریشن سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔

بیٹا کیروٹین جسم میں وٹامن اے میں تبدیل ہو جاتا ہے، جو کم روشنی میں دیکھنے میں مدد دیتا ہے۔ تاہم، گاجر میں موجود وٹامن اے کی مقدار محدود ہے اور یہ دیگر غذاؤں جیسے دودھ، پنیر، انڈے کی زردی اور جگر میں بھی پایا جاتا ہے، اس لیے اگر جسم میں وٹامن اے کی سطح پہلے ہی مناسب ہو تو صرف گاجر کا زیادہ استعمال بینائی بہتر نہیں کرتا۔

امریکن اکیڈمی آف اوفتھلمولوجی کے مطابق، گاجر بینائی کی کمزوری کا علاج نہیں بلکہ ایک متوازن غذا کا حصہ ہیں جو مجموعی طور پر آنکھوں کی صحت برقرار رکھنے میں مدد دیتی ہے۔

دیگر غذائی فوائد: ماہرین کے مطابق گاجر میں فائبر کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو ہاضمے میں مددگار ہے، قبض سے بچاتی ہے اور بڑی آنت کے سرطان کے خطرات کم کر سکتی ہے۔

اس کے علاوہ، فائبر خون میں شکر کی سطح کو متوازن رکھتا ہے، جب کہ گاجر میں موجود لائکوپین دل کی صحت کے لیے مفید ہے اور بلڈ پریشر و کولیسٹرول کو بہتر بنانے میں کردار ادا کرتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بیٹا کیروٹین اور لائکوپین جلد کو سورج کی روشنی کے مضر اثرات سے بھی کچھ حد تک تحفظ فراہم کر سکتے ہیں، تاہم یہ سن اسکرین کا متبادل نہیں ہیں۔

صحت مند آنکھوں کے لیے صرف گاجر پر انحصار نہیں بلکہ متوازن غذا، دھوپ کے چشمے کا استعمال، ورزش، سگریٹ نوشی سے پرہیز اور اسکرین کے وقت میں کمی جیسے عوامل بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

Scroll to Top