کوٹلی (کشمیر ڈیجیٹل )شہریوں کی حفاظت اور امن و امان کی صورت حال کو مزید مستحکم بنانے کےلیے پولیس کی جانب سے شاندار فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا ۔
مارچ میں پولیس کے دستوں کیساتھ دیگر سکیورٹی اداروں و سویلین محکموں کی گاڑیوں نے بھی بھرپور شرکت کی ، جس کا مقصد عوام میں اعتماد اور اطمینان پیدا کرنا تھا ۔
فلیگ مارچ کا آغاز احاطہ کچہری سے ہوا ، جو مختلف اہم شاہراہوں اور علاقوں سے گزرتا ہوا شہر کے مرکزی مقامات پر پہنچا ۔
مارچ گلہار کالونی اور بائی پاس روڈ سے ہوتا ہوا لاری اڈہ ، شہید چوک اور آبشار چوک سے گزرا اور آخر میں ایس پی آفس پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:جہلم ویلی،ضلعی انتظامیہ کی سرپرستی میں فلیگ مارچ،سکیورٹی اہلکاروں کا گشت
مارچ کی قیادت ڈپٹی کمشنر کوٹلی میجر (ر) ناصر رفیق اور سپرنٹنڈنٹ پولیس نے مشترکہ طور پر کی ۔
اس موقع پر دونوں افسران نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلیگ مارچ کا مقصد شہریوں کو یہ باور کرانا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے چوکس ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ امن و امان قائم رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں پولیس اور ضلعی انتظامیہ ہمہ وقت سرگرم عمل ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ڈی سی و ایس ایس پی کی سربراہی میں میرپور میں طویل ترین فلیگ مارچ، بکتر بند گاڑیاں بھی شامل تھیں
عوام سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ اپنی ذمہ داری کا احساس کریں، قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے بھرپور تعاون کریں تاکہ ضلع کوٹلی کو پُرامن اور محفوظ بنایا جا سکے۔
فلیگ مارچ کے دوران شہریوں کی بڑی تعداد سڑکوں کے کنارے کھڑی ہو کر پولیس اور انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتی رہی ۔




