فیملی اسپانسرشپ ویزا، سزا معاف کرنے کی اطلاعات بے بنیاد قرار

کویت میں فیملی اسپانسرشپ ویزا سے متعلق زیر گردش خبروں پر بالآخر حکام نے وضاحت کردی۔

عرب میڈیا کے مطابق کویت کی وزارتِ داخلہ نے کہا ہے کہ فیملی اسپانسرشپ کے آرٹیکل 22 کی خلاف ورزی کرنے والوں کی سزا معاف کرنے کی اطلاعات بے بنیاد ہیں۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا اور بعض ذرائع ابلاغ میں گردش کرنے والی رپورٹس مکمل طور پر بے بنیاد ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسپانسرشپ آرٹیکل کی خلاف ورزی کرنے والے غیرملکیوں کے ویزا کی حیثیت تبدیل کرکے بھی ملک میں رہنے نہیں دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا کا بڑا فیصلہ: ویزا فیس ایک لاکھ ڈالر، پاکستان بھی متاثر

بیان میں کہا گیا کہ رہائشی قوانین یا وزارت کے کسی بھی فیصلے کے حوالے سے باضابطہ اعلانات صرف وزارت کے سرکاری ذرائع ابلاغ اور پلیٹ فارمز کے ذریعے کیے جاتے ہیں۔

عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں اور صرف وزارت کے جاری کردہ سرکاری بیانات پر ہی انحصار کریں۔

وزارتِ داخلہ کے مطابق گزشتہ ماہ فیملی اسپانسرشپ (آرٹیکل 22) کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے گئے۔

ان کارروائیوں کے تحت خلاف ورزی کرنے والے غیر ملکی شہریوں کے ساتھ ساتھ ان کے اسپانسرز کو بھی ملک بدر کر دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: 9 ممالک کیلئے یو اے ای میں ورک اینڈ وزٹ ویزا پرپابندی

آرٹیکل 22 کے تحت کویت میں مقیم غیر ملکی مخصوص شرائط کے ساتھ اپنے اہل خانہ کو اسپانسر کر سکتے ہیں، جن میں کم از کم آمدنی کی شرط بھی شامل ہے تاہم جو افراد جان بوجھ کر کم آمدنی ظاہر کرکے ویزا حاصل کرلیتے ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے۔

Scroll to Top