انٹرنیشنل شِن کیوکشِن کائی کراٹے چمپئن شپ شروع، کھلاڑی عدیل راجہ روس روانہ

میرپور(کشمیر ڈیجیٹل) روس کے شہر نووسیبرسک میں 26 تا 29 ستمبر انٹرنیشنل شِن کیو کشِن کائی کراٹے منعقد ہوگا،

جہاں دنیا کے نامور فائٹرز اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے، 33 ویں اینڈرے یاکوتوف میموریل شِن کیو کشِن کائی کراٹے چیمپئن شپ پاکستان کی نمائندگی میرپور آذادکشمیر سے تعلق رکھنے والے مایہ ناز مارشل ارٹس کھلاڑی محمد عدیل راجہ کریں گے۔

یہ ایونٹ عالمی سطح پر شِن کیو کشِن کائی کراٹے کا ایک بڑا ایونٹ ہے، جس میں دنیا بھر کے ٹاپ فائٹرز نہ صرف اپنی مارشل آرٹس مہارت اور فن کا عملی مظاہرہ کرتے ہیں۔ ایونٹ کا انعقاد نووسیبرسک کے لوکوموتیو ایرینا میں ہوگا، جہاں ہزاروں شائقین کی موجودگی متوقع ہے۔

محمد عدیل راجہ پاکستان کے ان گنے چنے کھلاڑیوں میں سے ہیں جنہوں نے اپنی سخت محنت، لگن اور غیر معمولی کارکردگی کے ذریعے عالمی سطح پر اپنا لوہا منوایا ہے۔ وہ ماضی میں بھی مختلف بین الاقوامی ایونٹس میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے کئی میڈلز اپنے نام کر چکے ہیں۔

روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عدیل راجہ نےکہاکہ اینڈرے یاکوتوف میموریل چیمپئن شپ شِن کیو کشِن کائی کراٹے کی دنیا میں ایک معتبر اور شاندار ایونٹ ہے۔ میں نے اس کے لیے بھرپور تیاری کی ہے اور انشاء اللہ اس بار بھی پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے کا عزم رکھتا ہوں۔

سپورٹس ماہرین کا کہنا ہے کہ 33 ویں میموریل ٹورنامنٹ میں ایشیا، یورپ اور افریقہ کے کھلاڑیوں کی بھرپور نمائندگی ہوگی، جس سے مقابلے نہایت سخت اور سنسنی خیز ہوں گے۔ ایسے میں محمد عدیل راجہ جیسے پرعزم اور تجربہ کار فائٹر کا شامل ہونا پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔

محمد عدیل راجہ کی بین الاقوامی کامیابیاں اس بات کی گواہ ہیں کہ وہ محض ایک کھلاڑی نہیں بلکہ پاکستان میں شِن کیو کشِن کائی کراٹے کے فروغ کا روشن ستارہ ہیں۔ ملک بھر کے مارشل آرٹس شائقین ان کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں اور پرامید ہیں کہ وہ روس سے پاکستان کے لیے ایک اور سنہری کامیابی لے کر لوٹیں گے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:امریکی صدر ٹرمپ کا فیلڈ مارشل عاصم منیر کو بہترین شخصیت قرار دیناقوم کیلئے اعزاز، انوارالحق

Scroll to Top