رافیل کیسے گرائے تھے؟ حارث رؤف کا بھارتی شائقین کو طنزیہ جواب

ایشیا کپ 2025ء کے سپر فور مرحلے میں پاک بھارت ہائی وولٹیج میچ کے دوران قومی فاسٹ بالر حارث رؤف بھارتی شائقین کے نشانے پر رہے۔ تاہم حارث نے اپنی شاندار بولنگ کے ساتھ ساتھ منفرد اور طنزیہ اشاروں سے بھی میدان کے باہر موجود بھارتی تماشائیوں کو دلچسپ جواب دیا۔

باؤنڈری لائن پر فیلڈنگ کے دوران حارث نے انگلیوں سے پہلے “0-6” کا اشارہ بنایا، پھر ہاتھ کو جہاز کی مانند اوپر لے جا کر گرتا ہوا دکھایا۔ یہ منظر دیکھ کر فوراً شائقین کے ذہن اُس تاریخی لمحے کی طرف چلے گئے جب رواں سال مئی میں پاک بھارت جنگ کے دوران بھارتی فضائیہ کے 6 لڑاکا طیارے مار گرائے گئے تھے جن میں 3 رافیل بھی شامل تھے۔ اسی موقع پر گراؤنڈ میں “رافیل رافیل” کے نعرے بھی گونج اٹھے۔

بھارتی شائقین کی مسلسل آوازوں پر حارث رؤف نے کبھی کان میں انگلی ڈال کر یہ ظاہر کیا کہ “آواز سنائی نہیں دے رہی” تو کبھی پاؤں سے دھول اڑا کر جواب دیا۔ ان کے یہ برجستہ انداز شائقین کے لیے بھرپور توجہ کا مرکز بن گئے۔

سوشل میڈیا پر ویڈیوز تیزی سے وائرل ہوگئیں جہاں پاکستانی شائقین نے حارث رؤف کو “رافیل ہنٹر” کا خطاب دیتے ہوئے انہیں جرات مندانہ جواب دینے پر سراہا، جبکہ بھارتی شائقین شدید برہم دکھائی دیے۔

Scroll to Top