انگور بڑھاپے کی رفتار کم کرنے اور صحت کے تحفظ میں مددگار: تحقیق

(کشمیر ڈیجیٹل) انگور نہ صرف ایک خوش ذائقہ پھل ہے بلکہ حالیہ مطالعات اور ماہرین کے مطابق یہ کئی طبی اور خوبصورتی کے فوائد کا بھی قدرتی ذریعہ ہے۔

پانی، پوٹاشیم، وٹامن اے اور وٹامن کے سے بھرپور انگور صدیوں سے مختلف بیماریوں جیسے ڈپریشن، جگر اور گردوں کے مسائل کے علاج میں استعمال ہوتے رہے ہیں۔ جدید تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ پھل بڑھاپے کو مؤخر کرنے اور مجموعی صحت کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔

ڈی ٹاکسیفکیشن اور غذا:

فیملی میڈیسن اسپیشلسٹ ڈاکٹر ولید مطر کے مطابق روزانہ تھوڑی مقدار میں انگور کھانے سے جسم میں موجود زہریلے مادے خارج کرنے میں مدد ملتی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ 150 گرام انگور تقریباً 100 کیلوریز فراہم کرتے ہیں اور ان میں نہ چکنائی پائی جاتی ہے اور نہ ہی پروٹین، اس لیے ڈائٹ پلان کے لیے یہ مفید ہیں بشرطیکہ اعتدال کے ساتھ کھائے جائیں۔

کینسر اور دل کی حفاظت:

میڈیکل نیوز ٹوڈے کے مطابق انگور میں موجود پولی فینول نامی اینٹی آکسیڈینٹس جگر، معدہ، چھاتی اور آنتوں میں رسولیوں کی افزائش کو سست یا روکنے میں مدد دیتے ہیں۔ یہ خون اور جلد کے سرطان میں بھی معاون سمجھے جاتے ہیں۔
اسی طرح لیبارٹری ٹیسٹ سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ انگور دل کی صحت کے لیے فائدہ مند ہیں۔ ان کے پولی فینولز دل کی شریانوں میں رکاوٹ بننے والے عمل کو کم کرتے ہیں اور خراب کولیسٹرول (ایل ڈی ایل) سے ہونے والے نقصانات سے بچاتے ہیں۔

ہاضمہ اور ذیابطیس سے بچاؤ:

پانی اور فائبر کی موجودگی کے باعث انگور قبض میں کمی لاتے ہیں جبکہ ذیابطیس کے خطرے کو بھی کم کرتے ہیں۔ 2013 میں گلوبل ہیلتھ جرنل میں شائع ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ جو افراد ہفتے میں تین بار انگور یا کشمش جیسے پھل کھاتے ہیں ان میں ٹائپ 2 ذیابطیس کا خطرہ 7 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

آنکھوں، جلد اور بالوں کے فوائد:

انگور میں موجود ریسویراٹرول آنکھوں کی بیماریوں جیسے موتیا، گلوکوما اور عمر سے متعلقہ بینائی کی کمزوری سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔
ڈاکٹر ولید مطر کے مطابق انگور جلد کو صاف کرتے ہیں، چہرے پر نکھار لاتے ہیں اور مہاسوں میں کمی کرتے ہیں۔ 2009 میں رومانیہ میں کی گئی ایک تحقیق میں بھی یہ بات ثابت ہوئی کہ سیاہ انگور بڑھاپے کے اثرات کو کم کرتے ہیں اور جلد کی لچک بہتر بناتے ہیں۔
اسی طرح امریکی مصنفہ میلینا جونتی کے مطابق انگور بالوں کی جڑوں کو مضبوط بناتے ہیں، ان میں چمک پیدا کرتے ہیں اور خشکی و سوزش جیسے مسائل کم کرتے ہیں۔

ذہنی دباؤ اور ڈپریشن میں کمی:

امریکہ کے ماؤنٹ سینائی اسپتال میں 2018 میں ہونے والی ایک تحقیق میں کہا گیا کہ انگور میں موجود مرکبات ڈپریشن اور ذہنی دباؤ کی علامات کو کم کرسکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ اجزاء ذہنی تناؤ کو بھی کم کرتے ہیں اور جذباتی صحت میں بہتری لاتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ انگور نہ صرف بیماریوں سے تحفظ دیتے ہیں بلکہ صحت مند طرزِ زندگی، خوبصورت جلد اور چمکدار بالوں کے لیے بھی ایک مؤثر قدرتی ذریعہ ہیں۔

Scroll to Top