خیبر پختونخواہ اور آزادکشمیر پولیس کا مشترکہ سرچ آپریشنز پر اتفاق

(کشمیر ڈیجیٹل)مورخہ 9 ستمبر 2025 کو خیبر پختونخواہ اور آزادکشمیر پولیس کے اعلیٰ افسران کے مابین ایک اہم ویڈیو کانفرنس منعقد ہوئی۔ اجلاس کی صدارت ریجنل پولیس آفیسر ہزارہ ڈویژن جناب ناصر ستی نے کی۔

میٹنگ میں خیبر پختونخواہ پولیس کی نمائندگی ڈی پی او مانسہرہ اور ڈی پی او ایبٹ آباد نے کی، جبکہ آزادکشمیر پولیس کی جانب سے اے آئی جی پی/ایس ایس پی جنرل و سیکیورٹی میر محمد عابد، ایس ایس پی مظفرآباد سید ریاض حیدر بخاری اور خواجہ صدیق احمد شریک ہوئے۔

اجلاس میں صوبہ خیبر پختونخواہ اور آزادکشمیر کے ملحقہ علاقوں میں دہشت گرد عناصر کی موجودگی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ مکڑہ دہشت گردی واقعہ کے تناظر میں فیصلہ کیا گیا کہ دونوں خطوں کی پولیس فورسز مشترکہ سرچ آپریشنز کا آغاز کریں گی تاکہ تخریب کار عناصر کو بے نقاب کر کے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا سکے۔

مزید یہ کہ بارڈر ایریاز میں موجود غیر ریاستی افراد کے انخلاء کے لیے مربوط اور مرحلہ وار حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا گیا تاکہ علاقے میں دیرپا امن قائم ہو سکے۔ آزادکشمیر پولیس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مجرمانہ عناصر کا قلع قمع کرکے خطے کو محفوظ بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی۔

یہ بھی پرھیں: قطر پر حملے کا فیصلہ اسرائیلی وزیراعظم کا تھا، ٹرمپ کابیان

عوام سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ دہشت گردی کے خلاف قومی یکجہتی کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

Scroll to Top