اسرائیلی جارحیت پر بھرپور جواب دیا جائے گا،قطرکادو ٹوک اعلان

(کشمیر ڈیجیٹل) قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی نے اسرائیلی حملے کو ریاستی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ قطر اس جارحیت کا بھرپور جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

دوحہ میں پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم قطر نے کہا کہ اسرائیل کی کارروائی نہ صرف قطر بلکہ پورے خطے کے امن کے خلاف ہے جس سے علاقائی استحکام کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ قطر محض بیانات یا مذمتی قراردادوں تک محدود نہیں رہے گا بلکہ سیاسی، قانونی اور سفارتی ذرائع کے ساتھ تمام ممکنہ آپشنز استعمال کیے جائیں گے تاکہ اسرائیل کو عالمی سطح پر جوابدہ بنایا جا سکے۔

اس مقصد کے تحت قطر نے ایک خصوصی قانونی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا ہے جو اسرائیلی اقدامات کو عالمی عدالتوں میں چیلنج کرے گی۔ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن نے کہا کہ یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب حماس کی مذاکراتی ٹیم امریکی تجاویز پر بات چیت کر رہی تھی تاکہ غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچا جا سکے، لیکن اسرائیل نے جان بوجھ کر اس عمل کو سبوتاژ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ کارروائی پورے مشرق وسطیٰ کو انتشار اور افراتفری کی طرف دھکیلنے کی خطرناک کوشش ہے۔

امریکا کی جانب سے حملے کی پیشگی اطلاع ملنے کی خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے وزیراعظم قطر نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ امریکی حکام نے حملے کے دس منٹ بعد رابطہ کیا، تاہم ڈرون ریڈار پر نظر نہ آنے کے باعث قطر حملہ روکنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔

غزہ جنگ بندی کے سلسلے میں ثالثی کے کردار پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قطر اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور کوئی طاقت اسے خطے میں امن قائم کرنے کی کاوشوں سے نہیں روک سکتی۔

یہ بھی پڑھیں: سوزوکی کلٹس کی نئی قیمتیں اور 5 سالہ اقساط پلان جاری

Scroll to Top