آزاد کشمیر سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں موسم کی صورتحال

(کشمیر ڈیجیٹل)محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ اور جمعرات کے روز آزاد کشمیر سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

تاہم جنوبی بلوچستان اور زیریں سندھ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش جبکہ مکران کے ساحلی اضلاع میں موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ادارے کے مطابق لسبیلہ، پسنی، اورماڑہ، آواران، تربت، گوادر اور مکران کے نشیبی اور ساحلی علاقے زیرِ آب آنے کے خدشے کے باعث الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ تیز آندھی اور گرج چمک سے روزمرہ زندگی متاثر ہو سکتی ہے جبکہ کچے مکانات، دیواریں، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز، گاڑیاں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

سیلاب سے متاثرہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آئندہ چند روز تک موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ کئی مقامات پر موسلا دھار بارش ریکارڈ ہوئی۔ مری، بالائی خیبرپختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں بھی چند ایک مقامات پر بارش ہوئی۔

کراچی کے سرجانی ٹاؤن میں سب سے زیادہ 130 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ دیگر علاقوں میں نارتھ کراچی 72، کورنگی 71، ڈی ایچ اے 70، گلشنِ حدید 69، فیصل بیس 55، ناظم آباد 54، کیماڑی 52، سعدی ٹاؤن 51، گلشنِ معمار 48، اورنگی ٹاؤن 47، ایئرپورٹ اولڈ ایریا 47، بحریہ ٹاؤن 45، یونیورسٹی روڈ 44، مسرور بیس 41 اور جناح ٹرمینل 30 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

ٹھٹھہ میں 110، پڈعیدن میں 63، خیرپور میں 45، مٹھی میں 19، چھور میں 17، شہید بینظیر آباد 16، تھرپارکر کے کلوئی میں 15 اور ڈیپلو میں 12 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اس کے علاوہ سکھر، روہڑی اور موہنجوداڑو میں 13 سے 14 ملی میٹر جبکہ لاڑکانہ، حیدرآباد، ٹنڈو جام اور بدین میں 8 سے 11 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ بلوچستان کے لسبیلہ میں 15، سبی میں 5 اور ژوب میں 4 ملی میٹر بارش ہوئی۔ پنجاب کے مری میں 7 ملی میٹر جبکہ خیبرپختونخوا کے کاکول میں 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں موسم کی صورتحال

گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی میں 43 اور دالبندین میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

Scroll to Top