امریکی صدر ٹرمپ نے بھارت اور چین سے متعلق یورپی یونین حکام سے بڑا مطالبہ کردیا !

(کشمیر ڈیجیٹل)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی یونین پر زور دیا ہے کہ بھارت اور چین پر 100 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے تاکہ روس پر یوکرین جنگ ختم کرنے کے لیے دباؤ بڑھایا جا سکے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ مطالبہ امریکی و یورپی حکام کے درمیان ایک ٹیلی فونک اجلاس کے دوران سامنے آیا۔ اجلاس میں روس پر معاشی دباؤ بڑھانے کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا، اس موقع پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر سب مل کر زیادہ محصولات لگائیں تو چین اور بھارت کو روسی تیل خریدنے سے روکا جا سکتا ہے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ روسی تیل کے لیے متبادل منڈیاں موجود نہیں ہیں، اس لیے اگر یورپی یونین بھارت اور چین پر محصولات لگائے تو واشنگٹن بھی ایسے ہی اقدامات کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ چین اور بھارت روسی تیل کے بڑے خریدار ہیں جو روسی معیشت کو سہارا دے رہے ہیں، جب کہ روس 2022 سے یوکرین پر حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔

رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کا وفد ان دنوں واشنگٹن میں موجود ہے اور امریکہ کے ساتھ پابندیوں کے حوالے سے ہم آہنگی پر بات چیت کر رہا ہے۔ اگر یورپی یونین اس تجویز کو قبول کر لیتا ہے تو یہ اس کی موجودہ حکمت عملی میں بڑی تبدیلی ہوگی، کیونکہ اب تک وہ روس کو صرف اقتصادی پابندیوں کے ذریعے محدود کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی:ملیر و لیاری ندیوں پر قابو پانے کیلئے پاک فوج سے مدد طلب کرلی

واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر ٹرمپ نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا تھا کہ امریکہ اور بھارت تجارتی رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں، اور انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے جلد بات چیت کی امید بھی ظاہر کی تھی۔

Scroll to Top