امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن کی سڑکوں پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فوج تعیناتی کے فیصلے کیخلاف ہزاروں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے ۔
’’وی آر آل ڈی سی ‘‘ (We Are All D.C) کے عنوان سے نکالے گئے احتجاجی مارچ میں تارکین وطن اور فلسطین کے حا میوں نے بھی شرکت کی ۔ مظاہرین نے ہاتھوں مین پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ’’فری ڈی سی ‘‘ اور دیگر نعرے درج تھے ۔
اس موقع پر شرکاء کا کہنا تھا کہ حکومت کا یہ فیصلہ شہری آزادیوں پر حملے کے مترادف ہے اور فوج کو فوری طور پر سڑکوں سے ہٹایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام آمریت کی جانب پہلا قدم ہے جو بعد میں دیگر شہروں میں بھی دہرایا جا سکتا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بھارت جلد ٹرمپ کے سامنے سر جھکائے گا : امریکی وزیر تجارت کا دعویٰ
رپورٹس کے مطابق ریپبلکن اکثریتی 6 ریاستوں سے آئے اہلکاروں سمیت 2 ہزار سے زائد فوجی واشنگٹن کی مختلف شاہراہوں پر موجود ہیں، تاہم ان کی موجودگی کی مدت واضح نہیں ۔ امریکی فوج نے نیشنل گارڈ کی تعیناتی 30 نومبر تک بڑھا دی ہے ۔
خیال رہے کہ صدر ٹرمپ نے گزشتہ ماہ شہر میں جرائم کی شرح کا حوالہ دے کر فوج تعیناتی کا حکم دیا تھا، لیکن محکمہ انصاف کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں واشنگٹن میں پُرتشدد جرائم کی سطح گزشتہ تین دہائیوں کی کم ترین سطح پر رہی ۔




