ایچ ای سی کا پی ایچ ڈی اسکالرز کے لیے بین الاقوامی فیلوشپ پروگرام کا اعلان

(کشمیر ڈیجیٹل)اعلیٰ تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان نے انٹرنیشنل ریسرچ سپورٹ انیشی ایٹو پروگرام (IRSIP) بیچ 58 کے تحت پی ایچ ڈی اسکالرز کے لیے بیرونِ ملک مکمل فنڈڈ ریسرچ فیلوشپ کا اعلان کر دیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کی جامعات کے فل ٹائم پی ایچ ڈی طلبہ کو چھ ماہ کے لیے دنیا کی نمایاں جامعات اور تحقیقی اداروں میں ریسرچ کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

ایچ ای سی کے مطابق، اس سکیم کا بنیادی مقصد اسکالرز کو جدید تحقیقی سہولیات، عالمی معیار کی تحقیقاتی تکنیکوں اور بین الاقوامی روابط کے مواقع دینا ہے تاکہ وہ وطن واپس آ کر پاکستان کے تعلیمی و تحقیقی معیار کو بلند کر سکیں۔

پروگرام کی اہلیت کے لیے امیدوار کا پاکستانی یا آزاد کشمیر کا شہری ہونا لازمی ہے، پی ایچ ڈی پروگرام میں فل ٹائم داخلہ، کم از کم 18 کریڈٹ آورز کا کورس ورک مکمل کرنا، اور داخلے کے ڈیڑھ سال بعد مگر تین سال کے اندر درخواست دینا شرط ہے۔ مزید برآں، تحقیقی موضوع اور سائنوپسس متعلقہ ادارے سے منظور شدہ ہو اور امیدوار کو ٹائمز ہائر ایجوکیشن یا کیو ایس رینکنگ کی ٹاپ 200 جامعات میں سے کسی ایک سے تحقیقی دعوت نامہ یا قبولیت نامہ حاصل ہو۔

ایچ ای سی حکام کے مطابق، صرف وہی امیدوار درخواست دے سکتے ہیں جو مکمل شرائط پوری کرتے ہوں۔ نامکمل درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا جبکہ منتخب امیدواروں کو بعد میں دستاویزات کی ہارڈ کاپی جمع کرانی ہو گی۔ اس فیلوشپ سے جہاں انفرادی تحقیقی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا وہیں بین الاقوامی تعاون کے ذریعے حکومت کے نالج بیسڈ اکانومی کے وژن کو بھی تقویت ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایس پی آر کا یومِ دفاع و شہداء پر نیا پرومو ’’معرکۂ حق‘‘ جاری

مزید معلومات اور درخواست کے لیے ایچ ای سی کی ویب سائٹ پر تفصیل موجود ہے:
🔗 www.hec.gov.pk/english/scholarshipsgrants/IRSIP

Scroll to Top