ٹی ٹونٹی رینکنگ میں بابر اعظم اور محمد رضوان مزید تنزلی کا شکار

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تازہ ترین ٹی ٹونٹی اور ون ڈے پلیئرز رینکنگ جاری کردی ہے جس میں پاکستان کے معروف بیٹرز بابر اعظم اور محمد رضوان مزید نیچے چلے گئے ہیں۔

تازہ رینکنگ کے مطابق ٹی ٹونٹی بیٹرز میں بھارت کے ابھیشیک شرما بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔

پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم تین درجے گر کر 21 ویں جبکہ قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان محمد رضوان دو درجے تنزلی کے بعد 22 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ون ڈے پلیئرز کی رینکنگ جاری، ٹاپ ٹین میں صرف ایک پاکستانی شامل

دیگر پاکستانی کھلاڑیوں میں حسن نواز دو درجے بہتری کے ساتھ 32 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں، صائم ایوب دو درجے نیچے جا کر 40 ویں نمبر پر موجود ہیں جبکہ کپتان سلمان آغا نے شاندار چھلانگ لگاتے ہوئے 18 درجے بہتری حاصل کی اور 59 ویں پوزیشن سنبھال لی ہے۔

بولرز رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں۔

پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی آٹھ درجے ترقی کے بعد 26 ویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ حارث رؤف چار درجے تنزلی کے بعد 28 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔

اسپنر محمد نواز نے بھی عمدہ پیش رفت کی ہے اور 15 درجے بہتری کے ساتھ 43 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

ٹی ٹونٹی آل راؤنڈرز رینکنگ میں بھارت کے ہاردک پانڈیا بدستور سرفہرست ہیں جبکہ افغانستان کے تجربہ کار آل راؤنڈر محمد نبی ایک درجہ بہتری کے بعد دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔

Scroll to Top