بھارتی آبی جارحیت جاری ہے، بھارت نے بغیر اطلاع دیے سلال ڈیم، ننگل ڈیم اور ہریکے بیراج سے دریاؤں میں مزید پانی چھوڑ دیا ہے، یہ پانی دریائے چناب اور ستلج میں آئے گا، جس سے پاکستان میں گنڈا سنگھ والا اور دیگر مقامات پر صورتحال خراب ہونے کا خدشہ ہے۔
ذرائع پی ڈی ایم اے کے مطابق بھارت نے بغیر اطلاع ایک بار پھر 3 جگہوں سے دریاؤں میں پانی چھوڑ دیا ہے، جس سے پنجاب میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہیڈ تریموں پر سات لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا متوقع، دریاؤں میں طغیانی برقرار
پی ڈی ایم اے کے مطابق سلال ڈیم، ننگل ڈیم اور ہریکے بیراج سے مزید پانی چھوڑا گیا ہے، جس کے بعد سلال ڈیم سے دریائے چناب میں پانی کا بڑا ریلہ آئے گا۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سرکاری ذرائع سے آج ستلج میں ہریکے کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ ملی تھی لیکن دیگر مقامات پر پانی چھوڑنے کی اطلاع نہیں دی گئی۔
ذرائع کے مطابق بھارت نے دریائے ستلج پر بھاکڑا ڈیم سے 15 کلو میٹر دور ننگل ڈیم کے اسپل ویز کھولنے کے بعد دریائے ستلج میں بھی بھاری مقدار میں پانی چھوڑا ہے۔
ہریکے بیراج سے بھی ستلج میں پانی کا بہاؤ بڑھ گیا ہے اور بھارت نے وہاں اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور: پارک ویو سٹی میں سیلابی پانی داخل، چھ بلاکس متاثر
ذرائع کے مطابق ننگل ڈیم سے ساڑھے تین لاکھ کیوسک تک پانی خارج کیا جائے گا، جس سے گنڈا سنگھ والا کے مقام پر سیلابی صورتحال خراب ہونے کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے چناب یا دیگر دریاؤں میں پانی چھوڑنے سے متعلق بھارت کی جانب سے کوئی باضابطہ وارننگ موصول نہیں ہوئی جب کہ سلال ڈیم کے اسپل ویز کھولنے کی بھی کوئی آفیشل اطلاع نہیں دی گئی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر انتظامیہ اور متعلقہ ادارے ہائی الرٹ ہیں۔