(کشمیر ڈیجیٹل) آزادکشمیر کے چھمب سیکٹر میں بھارتی جاسوس ڈرون پاکستانی حدود میں داخل ہوا جسے افواجِ پاکستان نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مار گرایا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارتی کواڈ کاپٹر ڈرون پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حساس علاقے میں داخل ہوا، تاہم مستعد جوانوں نے فوراً نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔ ڈرون کا ملبہ تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
پاک فوج نے واضح پیغام دیا ہے کہ مستقبل میں ایسی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ “پاکستانی سرزمین کے دفاع کے لیے ہر قدم اٹھایا جائے گا اور دشمن کو بھرپور جواب دیا جائے گا۔”
یہ بھی پڑھیں:وزراء کی بجائے بزنس کمیونٹی! چین کی B2B کانفرنس پر سوالات اٹھنے لگے
واضح رہے کہ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کے باعث ماضی میں بھی اس نوعیت کی کئی خلاف ورزیاں سامنے آ چکی ہیں، تاہم پاکستان کا مؤقف ہے کہ وہ اپنی خودمختاری اور سلامتی پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کرے گا۔




