اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے واضح کیا ہے کہ وہ سینیٹ، خیبر پختونخوا، پنجاب اور سندھ اسمبلیوں سے استعفیٰ نہیں دے رہے ۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ صرف قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں سے استعفے دے رہے ہیں جبکہ سینیٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں اس وقت کوئی استعفیٰ پیش نہیں کیا جائے گا۔ بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ پارٹی کے کسی رکن کے ساتھ فی الحال مذاکرات نہیں ہو رہے ۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں سے اب تک 25 ممبران نے استعفیٰ دے دیا ہے جبکہ باقی ارکان پیر تک اپنے استعفے جمع کرا دیں گے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی کی کمیٹیوں سے استعفے دینا مشکل فیصلہ تھا، وہ مذاکرات کے حامی ہیں مگر دروازے بند کر دیے گئے ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر بھی4 قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ 91 نشستوں میں سے کئی ارکان کو نااہل کر کے تعداد 76 تک محدود کر دی گئی ہے، اور انہیں جلسے یا ریلیاں کرنے کی بھی اجازت نہیں دی جاتی ۔




