مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق کے خصوصی حکم پر کابینہ کے دو وزراء چین میں ہونے والی پاک چائنا بزنس کانفرنس میں شرکت کے لیے روانہ ہو رہے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ سروسز کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چین کے دارالحکومت بیجنگ میں 4 ستمبر کو ہونے والی اس بی ٹو بی (Business-to-Business) کانفرنس میں شرکت کے لیے وزیر پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن چوہدری رشید اور وزیر TEVTA سردار عامر الطاف خان کو نامزد کیا گیا ہے۔
اس کانفرنس کا بنیادی مقصد پاکستان اور چین کے درمیان مشترکہ سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر تبادلہ خیال کرنا ہے ۔ یاد رہے کہ اس اہم کانفرنس میں پاکستان کے 850 سے زائد کاروباری اداروں کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے لیے پرعزم ہیں ۔
وزیراعظم آفس پاکستان کے بورڈ آف انویسٹمنٹ کے مطابق دونوں وزراء کے تمام سفری اور قیام و طعام کے اخراجات ان کی اپنی متعلقہ وزارتوں کے ذمہ ہوں گے ۔ محکمہ سروسز کے ترجمان کے مطابق، ان اخراجات کی ادائیگی وزارت پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن اور TEVTA (ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی) کے اپنے بجٹ میں سفر اور روزینہ (TA/DA) کی مد میں موجود فنڈز سے کی جائے گی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیرحکومت کا مالیاتی بلیک ہول جہاں پیسہ آتا ہےمگر زمین پر نظر نہیں آتا
ادارے نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اگر مذکورہ مد میں فنڈز دستیاب نہ ہوں یا ناکافی ہوں تو اضافی رقم کے حصول کے لیے متعلقہ وزارتیں محکمہ خزانہ کو باقاعدہ تحریک ارسال کریں گی ۔ یہ اقدام آزاد کشمیر کی حکومت کی خطے میں اقتصادی partnerships بڑھانے اور چین کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کی حکمت عملی کا حصہ سمجھا جا رہا ہے ۔




