(کشمیر ڈیجیٹل) لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب واقع نجی ہاؤسنگ سوسائٹی پارک ویو سٹی میں دریائے راوی کا سیلابی پانی داخل ہونے سے درجنوں گھر متاثر ہوئے، جس کے باعث شہریوں کو رات گئے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
رہائشیوں کے مطابق ایک طرف سوسائٹی کی انتظامیہ یقین دہانی کروا رہی تھی کہ پانی روکنے کے لیے بند باندھے جا رہے ہیں اور کسی کو فکر کرنے کی ضرورت نہیں، جبکہ دوسری جانب پولیس مسلسل علاقے کو خالی کرنے کے اعلانات کر رہی تھی۔ اس صورتحال نے لوگوں کو کشمکش میں ڈال دیا اور کئی افراد بروقت اپنے گھروں سے نہ نکل سکے۔
جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب دریائے راوی میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب آیا جس نے چوہنگ کی کم آمدن آبادی تھیم پارک سوسائٹی سمیت ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب پارک ویو اور دیگر پوش ہاؤسنگ سوسائٹیز کو بھی متاثر کیا۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مستقل مزاجی نے ٹرمپ کو متاثر کیا: امریکی اخبار
حکام کے مطابق پارک ویو سٹی کے چھ بلاکس سیلاب کی زد میں آئے تاہم بروقت کارروائی کے باعث کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا اور رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔