بھارت نے ٹرمپ انتظامیہ سے بہتر تعلقات کیلئے لابنگ فرم کی خدمات حاصل کرلیں

واشنگٹن: بھارت نے امریکی صدر کی بے رخی کے بعد ٹرمپ انتظامیہ سے تعلقات کی بہتری کیلئے لابنگ فرم کی خدمات حاصل کرلیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی بلوم برگ کے مطابق امریکا سے ناخوشگوار تعلقات اور 50 فیصد ٹیرف عائد کیے جانے کے بعد بھارت نے ٹرمپ انتظامیہ سے تعلقات کی بہتری کے لیے ایک امریکی لابنگ فرم کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واشنگٹن میں موجود بھارتی سفارت خانے نے ٹرمپ انتظامیہ سے قریبی تعلقات رکھنے والی فرم کی خدمات حاصل کی ہیں جو ماضی میں بھی امریکا کی طرف سے نشانہ بنائے جانے والے غیر ملکی اداروں کے لیے بھی لابنگ کرتی رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں امریکی ٹیرف کیخلاف ٹرمپ کا پتلا اٹھا کرانوکھا احتجاج

رپورٹ کے مطابق بھارتی سفارتخانے اس حوالے سے 18 اگست کو ایک معاہدہ کیا جس کے تحت حکومتی تعلقات، میڈیا تعلقات اور دیگر خدمات فراہم کرنے کے بدلے بھارتی سفارتخانہ لابنگ فرم Mercury Public Affairs LLC کو ماہانہ 75 ہزار ڈالر کی رقم ادا کرے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ سے امریکا اور بھارت کے تعلقات میں سرد مہری ہے، بھارت کی جانب سے امریکا کے ساتھ تجارتی ڈیل فائنل نہ کرنے کا بعد امریکی صدر ٹرمپ نے بھارت پرٹیرف 50 فیصد کردیا تھا جب کہ ٹرمپ وقتاً فوقتاً پاک بھارت جنگ میں اپنے کردار کا ذکر کرتے رہتے ہیں جس سے بھارت انکاری ہے۔

Scroll to Top