روم میں پاکستانی سفارتخانے کا ’چونسہ جیلاٹو‘ متعارف

(کشمیر ڈیجیٹل) پاکستانی سفارتخانے نے یومِ آزادی کی تقریب کے موقع پر اٹلی کے دارالحکومت روم کے معروف علاقے “Piazza Navona” میں ’چونسہ جیلٹو‘ متعارف کرایا۔ یہ منفرد اقدام روم کی مشہور جیلٹو کمپنی کے تعاون سے کیا گیا۔

جیلٹو برانڈ کے مالک فبریزیو نے پاکستانی آم چونسہ کی مٹھاس، خوشبو اور نرم ساخت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کے قدرتی شکر کی مقدار جیلٹو بنانے کے لیے غیر معمولی ہے۔ ان کے بقول چونسہ ایک اعلیٰ معیار کی آئس کریم کے لیے بہترین انتخاب ہے۔

پاکستانی سفیر علی جاوید نے فبریزیو کو اس کامیاب امتزاج پر خراجِ تحسین پیش کیا اور آئندہ مزید تعاون کی پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اعلیٰ زرعی اجناس جیسے باریک چھلکے والے بادام، تازہ اخروٹ، خوبانی کی گٹھلیاں اور بلوچستان و خیبر پختونخوا کی زعفران مستقبل میں اطالوی جیلٹو صنعت کے ساتھ اشتراک کے لیے بہترین امکانات رکھتے ہیں۔ سفیر نے پاکستان کے لمبے دانے والے چلغوزے کو بھی دنیا کے بہترین خشک میوہ جات میں شمار کیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان کا قومی دن مارچ میں آتا ہے جو کینو کے موسم سے مطابقت رکھتا ہے، اور اس موقع پر ’کینو جیلٹو‘ متعارف کرانے کا منصوبہ بھی زیرِ غور ہے۔

فبریزیو نے اعلان کیا کہ وہ پاکستانی مصنوعات کے اشتراک سے جیلٹو کی روایت کو نئی سرحدوں تک لے جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر میں آج موسلادھار بارش، لینڈسلائیڈنگ کا الرٹ جاری

’چونسہ جیلاٹو فیسٹیول‘ میں عام عوام، سفارتکاروں، کاروباری شخصیات اور سرکاری عہدیداروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس تقریب نے ایک بار پھر پاکستانی سفارتخانے کے اس عزم کو اجاگر کیا کہ وہ اٹلی میں پاکستان کی اعلیٰ زرعی مصنوعات کو بھرپور انداز میں متعارف کراتا رہے گا۔

Scroll to Top