ڈکی بھائی کا اعتراف جرم، قوم سے معافی مانگ لی

(کشمیر ڈیجیٹل)مشہور یوٹیوبر سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی نے عدالت میں پیشی کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے ماضی کی غلطیوں کا اعتراف کیا اور قوم سے سرعام معافی مانگ لی۔

ڈکی بھائی نے کہا کہ انہوں نے ماضی میں غیر اخلاقی ویڈیوز بنائیں، جس پر وہ شرمندہ ہیں اور پوری قوم سے معذرت خواہ ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کچھ ایپلیکیشنز کی پروموشن بھی انہوں نے کی، بغیر اس بات کی تصدیق کے کہ انہیں پاکستان میں قانونی اجازت حاصل ہے یا نہیں، اور اس پر بھی وہ نادم ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل ایف آئی اے نے ڈکی بھائی کو لاہور سے اس الزام پر گرفتار کیا تھا کہ انہوں نے ایک متنازع ’ٹریڈنگ/گیمبلنگ ایپ‘ کی پروموشن کی، جس کے باعث متعدد شہریوں کو مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ ایف آئی اے کے مطابق اسی معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔ گرفتاری کے بعد ڈکی بھائی کو ریمانڈ پر جیل بھیجا گیا تھا، جہاں گزشتہ روز ان کی دوبارہ پیشی ہوئی۔

رجب بٹ کا ردعمل:

ڈکی بھائی کے قریبی دوست یوٹیوبر رجب بٹ نے اس کیس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس صورتحال کو بخوبی سمجھ سکتے ہیں کیونکہ ایسے وقت میں فیملی پر شدید دباؤ ہوتا ہے۔ ان کے مطابق ڈکی بھائی کو پہلی ہی پیشی پر رہا ہو جانا چاہیے تھا لیکن شاید کیس کے اندازِ پیشی نے معاملہ پیچیدہ کردیا۔

رجب بٹ نے واضح کیا کہ ڈکی بھائی سمیت وہ خود اور ہزاروں انفلوئنسرز نے اس ایپ کی پروموشن کی تھی، جو بظاہر ایک ٹریڈنگ ایپ دکھائی دیتی ہے۔ اگر یہ جوا ہے تو اس کے خلاف ابتدا ہی سے کارروائی ہونی چاہیے تھی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب پی ایس ایل کے کھلاڑیوں کی جرسیوں پر بھی ایسی ایپس کے نام نمایاں دکھائی دیتے ہیں تو ان کے خلاف کوئی کارروائی کیوں نہیں کی جاتی؟

یہ بھی پڑھیں: ملک میں نئے صوبوں پر بحث، تھنک ٹینک کی 12 سے 20 صوبے بنانے کی تجویز

انہوں نے کہا کہ قانون سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے۔ اگر ڈکی بھائی کو اس بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے تو پھر ان تمام کھلاڑیوں، چینلز اور انفلوئنسرز کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے جو ایسی ایپس کو پروموٹ کرتے ہیں۔

Scroll to Top