آٹے

20 کلو آٹے کا تھیلا ایک ہفتے میں 100 روپے تک مہنگا

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) ملک بھر میں مہنگائی کی نئی لہر نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا، مختلف شہروں میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت صرف ایک ہفتے کے دوران 100 روپے تک بڑھ گئی ہے۔

ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق  وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شہری ملک کا مہنگا ترین آٹا خریدنے پر مجبور ہیں جہاں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 3 ہزار 133 روپے 33 پیسے تک پہنچ گئی ہے۔ راولپنڈی میں یہی تھیلا 3 ہزار 93 روپے 33 پیسے میں فروخت ہورہا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق خضدار میں ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 100 روپے کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ بہاولپور میں آٹا 60 روپے مہنگا ہوا۔

حیدرآباد میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کے نرخوں میں 40 روپے اضافہ ہوا جبکہ لاڑکانہ اور کوئٹہ میں قیمت 20، 20 روپے تک بڑھ گئی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:حکومت کی تبدیلی سے متعلق تمام خبریں افواہیں ہیں : طارق فضل چوہدری

ادارہ شماریات کے مطابق کوئٹہ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار 700 روپے، بنوں میں 2 ہزار 900 روپے اور پشاور میں 3 ہزار 100 روپے تک میں فروخت ہورہا ہے۔

دوسری جانب کراچی میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 3 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے۔ لاڑکانہ میں یہی تھیلا 2 ہزار 620 روپے، سکھر میں 2 ہزار 580 روپے اور حیدرآباد میں 2 ہزار 880 روپے تک فروخت ہورہا ہے۔

گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، ملتان اور بہاولپور میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2 ہزار 800 روپے تک ریکارڈ کی گئی، جبکہ لاہور میں یہی تھیلا 2 ہزار 300 روپے میں دستیاب ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آسٹریلیا نے بنگلادیش کو دوسرے ٹیسٹ میں اننگز اور 51رنز سے شکست دیدی

آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قیمتوں میں استحکام لانے کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔