مظفرآباد:ہیلپ لائن پر شکایت موصول ہونے پر فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر ہوٹل کو سیل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسر قاضی شفیق الرحمن نے ٹیم کے ہمراہ اچانک چھاپہ مارا اور ہوٹل میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
معائنہ کے دوران کچن ایریا میں فرش پر گندگی، برتنوں اور جالیوں پر جمی چکنائی، اور کھانے پینے کی اشیاء کو بغیر ڈھانپ کے رکھنے کے شواہد سامنے آئے۔
علاوہ ازیں ہوٹل عملہ فوڈ ہینڈلنگ قوانین پر عمل درآمد میں مکمل ناکام پایا گیا۔ فوڈ اتھارٹی کی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ہوٹل کو موقع پر ہی سیل کر دیا گیا۔
ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد ابرار احمد میر نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی کا مقصد صرف چھاپے مارنا یا ہوٹل سیل کرنا نہیں بلکہ عوام کو یہ یقین دلانا ہے کہ ان کی صحت کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: فوڈ اتھارٹی مظفر آباد کی کارروائی، ایک ہوٹل سیل،متعدد کو جرمانے
انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی اور فوڈ ہینڈلنگ کے اصولوں کو نظر انداز کرنا شہریوں کے لیے بیماریوں کا خطرہ پیدا کرنے کے مترادف ہے اور ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ شہری فوڈ اتھارٹی کے آنکھ اور کان ہیں، اور کسی بھی ناقص خوراک، غیر معیاری اشیاء یا صفائی کے مسائل کے بارے میں فوری اطلاع فوڈ اتھارٹی کے نمبر 1280 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔