اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم شہباز شریف نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سمری واپس کر دی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس کے موقع پر ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے تعین کے لیے سمری وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کی گئی، جس پر وہ برہم ہو گئے۔
وزیراعظم نے موجودہ حالات میں دوائیوں کی قیمتوں میں اضافے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور دواؤں کی نئی قیمتوں کے تعین کے لیے منظوری کے لیے پیش کی گئی سمری بغیر دستخط کیے واپس کر دی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سینیٹ میں وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے بھی یہ معاملہ اٹھایا تھا اور بتایا تھا کہ ادویات کی قیمتوں میں فارماسیوٹیکل کمپنیاں من مانی کرتے ہوئے ہوشربا اضافہ کر رہی ہیں۔
دوسری جانب ادویات کی قیمتوں میں ہر ماہ خودساختہ اضافے کا انکشاف سامنے آیا ہے اور حکومت کی جانب سے میڈیسن کی قیمتیں ڈی کنٹرول کرنے کے بعد ادویات بنانے والی کمپنیوں نے من مانی قیمتوں کا تعین شروع کردیا ہے، جس کے باعث ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
دواؤں کی قیمتوں میں من مانے اضافے کے باعث مریضوں اور ان کے اہل خانہ کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:اوورسیز ہمارے ماتھے کا جھومر اور ہمارا فخر ہیں:یاسر سلطان