میرپور(کشمیر ڈیجٹل)سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (SDMA)، یو این ورلڈ فوڈ پروگرام، مسلم ہینڈز اور ظہیر احمد خواجہ میموریل ویلفیئر فاؤنڈیشن کے اشتراک سے میرپور میں ایک روزہ ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن (DRR) ایکسپو اور تین روزہ سیمولیشن ایکسر سائز کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔
اس ایکسپو کا مقصد قدرتی آفات کے خطرات سے نمٹنے کے لیے عوامی شعور اجاگر کرنا، بروقت تیاری کو فروغ دینا اور اداروں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا تھا۔
ایکسپو میں ظہیر احمد خواجہ میموریل ویلفیئر فاؤنڈیشن سمیت سرکاری و نیم سرکاری اداروں، ریسکیو 1122، نیشنل و انٹرنیشنل این جی اوز اور اکیڈمیا نے اپنے اسٹالز لگائے۔
اسٹالز پر ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور ایمرجنسی رسپانس سے متعلق جدید آلات، مشینری اور آگاہی پر مبنی لٹریچر پیش کیا گیا۔
شرکاء نے آلات کا معائنہ کیا اور ماہرین سے براہِ راست معلومات حاصل کیں۔ نیز ظہیر احمد خواجہ میموریل ویلفیئر فاؤنڈیشن کے سٹال سے شرکاء کو فاؤنڈیشن کے گذشتہ خدمت خلق کے حوالے سے انتہائی اہم معلومات ملیں جسے عوام نے پے بناہ سراہا اور آئندہ کیلئے نیک خواہشات وتمناوں کا اظہار کیا۔
تقریب کا افتتاح ڈائریکٹر جنرل ایس ڈی ایم اے سردار وحید خان نے کیا۔ اور تقریب کا باقاعدہ آغاز ظہیر احمد خواجہ میموریل ویلفیئر فاؤنڈیشن کے والنٹیر حافظ محمد حذیفہ کی تلاوت اور انچارج حافظ کاشف جمال کے نعتیہ کلام سے کیا گیا۔
سیکرٹری انڈسٹریز چوہدری عبد الرحمان نے اپنے خطاب میں کہا:”قدرتی آفات کی پیشگی تیاری آج کے دور کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ ایسے اقدامات نہ صرف عوام کو محفوظ بناتے ہیں بلکہ ادارہ جاتی صلاحیتوں میں بھی اضافہ کرتے ہیں۔
“ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر لیاقت علی، ڈپٹی کمشنر میرپور یاسر ریاض اور ایس ایس پی خرم اقبال نے بھی خصوصی شرکت کی جبکہ ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ایس ڈی ایم اے نعمان شفیق نے انتظامات کا جائزہ لیا۔
معزز مہمانان نے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور ماہرین سے ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن پر تفصیلی بریفنگ لی۔ڈی جی ایس ڈی ایم اے سردار وحید خان نے اپنے خطاب میں کہا:”قدرتی آفات کو روکنا ممکن نہیں، لیکن عوامی شمولیت، جدید ٹیکنالوجی اور اداروں کے تعاون سے ان کے نقصانات کو کم کیا جا سکتا ہے۔
ایسے ایکسپوز عوامی آگاہی کے ساتھ ساتھ اداروں کی استعداد کار میں اضافہ کرنے کا ذریعہ بھی ہیں۔
ایکسپو میں طلبہ، اساتذہ اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جنہوں نے ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن سے متعلق بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔
شرکاء نے عزم ظاہر کیا کہ وہ ان پیغامات کو اپنے اپنے علاقوں تک پہنچا کر ایک محفوظ اور مستحکم معاشرے کی تشکیل میں کردار ادا کریں گے۔