راولاکوٹ، طلباء تنظیموں کا گرفتار نوجوانوں کی رہائی کا مطالبہ،ریاست گیراحتجاج کا اعلان

راولاکوٹ : (کشمیر ڈیجیٹل)مختلف طلباء تنظیموں کے ذمہ داران نے 13 اگست کے واقعہ میں گرفتار نوجوانوں کی رہائی اور ان پر قائم مقدمات کے فوری خاتمہ کا مطالبہ کر دیا

اور ایسا نہ ہونے کی صورت 26 اگست بروز منگل طلباءاتحاد کے زیر اہتمام ایک بڑے مارچ اور احتجاج کا بھی اعلان کیا ہے۔

طلباء نے مطالبہ کیا ہیکہ گرفتار شدگان کو فوری طور پر غیر مشروط رہا کرتے ہوئے ان پر لگائی گئی دہشت گردی کی دفعات سمیت دیگر کا بھی خاتمہ کیا جائے اور ہمیں تعلیمی ادارے بند کرنے کے اقدام کی طرف جانے پر مجبور نہ کیا جائے۔

انہوں نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ ان طلباءکی رہائی اور ان کے خلاف مقدمات قائم کرنے کے عمل کے خلاف کوئی بھی جماعت یا تنظیم احتجاج کرتی ہے تو اس کی بھی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

غازی ملت پریس کلب (رجسٹرڈ) راولاکوٹ میں رہنما این ایس ایف محسن عزیز، رہنما پی ایس ایف بلال، جے کے پی ایس ایف کے خواجہ حسام ،جے کے این ایس ایف کے اسامہ نواز نے جامعہ پونچھ، پوسٹ گریجویٹ کالج سمیت دیگر پرائیویٹ و سرکاری تعلیمی اداروں کے درجنوں طلبہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتظامی افسران نے گزشتہ روز میڈیا ٹاک کے دوران یہ کہا کہ 13 اگست کے واقعہ میں میرٹ اور اصولوں پر فیصلہ کریں گے

لیکن ایف آئی آر میں ایسے نوجوانوں کو نامزد اور گرفتار کیا گیا جو اس رات وہاں موجود تھے ہی نہیں، گرفتار نوجوانوں میں سے متعدد ہمارے ساتھ ایک مقامی ہوٹل پر موجود تھے جس کے ہمارے پاس ثبوت بھی موجود ہیں

انتظامیہ کی جانب سے یہ بھی الزام لگایا گیا کہ گاڑیاں جلائی گئی تو ابھی تک نہ ہی کسی گاڑی جلنے کی کوئی ویڈیو سوشل میڈیا پر آئی ہے اور اگر ایسے کوئی شواہد موجود ہیں تو ہمیں دکھائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ مختلف دفعات کے ساتھ ساتھ طلبہ پر دہشت گردی کی دفعات بھی لگائی گئی ہیں اور ان کے مستقبل کے ساتھ کھیلنے کی کوشش کی گئی ہے جو انتہائی افسوس ناک بات ہے۔

ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے یہ واقعہ رونما ہوا اور جن نوجوانوں نے آج سے قبل ریاستی نااہلیوں کے خلاف آواز اٹھائی انہیں ایف آئی آر میں نامزد کرتے ہوئے انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنایا جارہاہے۔

کئی ایسے نوجوانوں کے نام بھی ایف آئی آر شامل کیئے گئے جو راولپنڈی و دیگر جگہوں پر موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نادیدہ قوتوں کو بھی یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ اپنا قبلہ درست کر لیں اور طلباءکے خلاف اس طرح کی حرکتوں سے باز رہیں۔

ہم اس ظلم اور ناانصافی کے خلاف بھرپو رتحریک کا آغاز کر رہے ہیں جس میں مختلف سیاسی جماعتوں، انجمن تاجران، دیگر تنظیموں سے مشاورت کرکے بھرپور لائحہ عمل دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم گرفتار طلباءکی رہائی اور ان پر قائم مقدمات کے خاتمہ کا مطالبہ کرتے ہیں اور اگر ایسا نہ کیا گیا تو طلباءاتحاد کے زیر اہتمام 26 اگست کو طلباءکے حقوق کا بھرپور دفاع کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نادیدہ قوتیں لوگوں کو آپس میں لڑانے کی کوشش کر رہی ہیں ہم ریاستی دہشت گردی اور جبر کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے ۔

طلباءسے اگر کہیں کوئی غلطی سرزد بھی ہوئی تھی تو بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے درگزر کیا جاتا نہ کہ ان پر دہشت گردی کے تحت مقدمات قائم کیئے جاتے۔

اس موقع پر انہوں نے حکومت وقت، انتظامیہ و دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہیکہ وہ گرفتار شدگان کی غیر مشروط رہائی عمل میں لاتے ہوئے ان پر قائم مقدمات کو ختم کریں تاکہ طلباءکے ساتھ اس نارواسلوک کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:اینٹی کرپشن حکام ان ایکشن، محکمہ مال نیلم ویلی کیخلاف کارروائی شروع ،نگران طلب

Scroll to Top