راولپنڈی: مسلح افواج پاکستان نے راشد منہاس شہید (نشان حیدر) کو 54ویں برسی پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے مسلح افواج پاکستان کے ہمراہ نشانِ حیدر کے حامل پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید کے54ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت کیا ہے۔
مسلح افواج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 20 اگست 1971 کو پائلٹ آفیسر راشد منہاس نے وطنِ عزیز کی خودمختاری کے تحفظ کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور جرات و ایثار کی لازوال مثال قائم کی۔
یہ بھی پڑھیں: افواج پاکستان کا کیپٹن محمد سرور شہید(نشان حیدر)کو 77ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت
بیان میں کہا گیا ہے کہ راشد منہاس کی بے مثال قربانی، وفاداری اور حب الوطنی آج بھی مسلح افواج اور پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے، اُن کا تاریخی کارنامہ ہتھیار ڈالنے کے بجائے قربانی دے کر جام شہادت کو نوش کرنا ہے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ رشد منہاس کا تاریخی کارنمہ آزادی کی قیمت اور وطن کے دفاع کے لیے درکار عزم و استقلال کی یاد دہانی کراتا ہے۔
پاکستان کی مسلح افواج نے راشد منہاس شہید کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ انہی اعلیٰ اقدار کے تحفظ کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں جن کیلئے راشد منہاس نے اپنی جان نچھاور کی۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ شہید کا نام ہمیشہ قومی تاریخ میں وفاداری، بہادری اور فخر کی علامت کے طور پر زندہ رہے گا۔