زیلنسکی کی ملاقات،یوکرین جنگ ختم ضروری ہوگی، ٹائم فریم نہیں دے سکتا، ٹرمپ

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں یوکرینی ہم منصب وولودیمیر زیلنسکی سے ملاقات کو روس کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے تناظر میں اہم ترین قرار دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر نے بتایا کہ چند روز قبل روسی صدر سے بھی ملاقات ہوئی تھی جو کافی مثبت رہی تھی اور آج کی ملاقات بھی بہت اہم تھی۔

صدر ٹرمپ نے یوکرینی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مزید بتایا کہ جنگ کے خاتمے اور تجارت کے لیے روس و یوکرین کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

امریکی صدر نے کہا کہ میں اس جنگ کو ختم کرانا چاہتا ہوں اور یہ ختم بھی ضرور ہوگی لیکن کب ہوگی، یہ فی الحال نہیں بتا سکتا۔

یہ بھی پڑھیں: جنگ بندی کے بدلے ایک انچ زمین بھی روس کو نہیں دینگے، یوکرینی صدر کا اعلان

ٹرمپ نے کہا کہ مجھے جنگ بندی اس لیے پسند ہے کہ اس سے فوری طور پر لوگوں کی جانیں بچ سکتی ہیں، بجائے اس کے کہ ایک یا دو ہفتے مزید لڑائی جاری رہے لیکن اس کے ساتھ ہمیں بڑے امن معاہدے پر بھی کام کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ چاہتے ہیں کہ جنگ رُک جائے، لیکن جنگ بندی کبھی کبھی کسی ایک فریق کے لیے اسٹریٹجک نقصان دہ بھی ہو سکتی ہے کیونکہ اس دوران دوسرا فریق دوبارہ منظم ہو کر اپنی فوجی طاقت بحال کرلیتا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اس لیے میں اچھی طرح سمجھ سکتا ہوں کہ کیوں بعض ممالک جنگ بندی نہیں چاہتے کیوں کہ وہ سوچتے ہیں کہ مخالف دوبارہ طاقتور ہو کر پلٹ آئے گا۔

ٹرمپ نے اس موقع پر فخریہ انداز میں یہ بھی کہا کہ میں نے مئی میں بھارت اور پاکستان کے درمیان سیزفائر کرانے میں کردار ادا کیا تھا۔

ادھر یوکرینی صدر ولوودیمیر زیلنسکی اس بار سوٹ اور ٹائی پہن کر وائٹ ہاؤس پہنچے اور اس تبدیلی پر ٹرمپ نے بھی دلچسپ تبصرہ کیا جس پر سب ہنس پڑے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے یوکرین پر حملے کے بعد سے صدر زیلنسکی نے اپنی فوج کے ساتھ یکجہتی کے لیے ہمیشہ فوجی جیکٹ اور ٹی شرٹ پہنتے آئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ سے ڈمی پیوٹن نے ملاقات کی ، بھارتی میڈیا کا مضحکہ خیز پروپیگنڈا

یہاں تک کہ جب 6 ماہ قبل وہ پہلی بار صدر ٹرمپ سے ملنے امریکا آئے تھے تب بھی وہ فوجی ٹی شرٹ میں ملبوس تھے جس پر ٹرمپ کی گئی تنقید نے عالمی توجہ حاصل کرلی تھی۔

اُس وقت امریکی صحافی برائن گلین نے صدر زیلنسکی سے کہا تھا کہ آپ آج دنیا کے سب سے طاقتور دفتر آئے ہیں اور سُوٹ نہیں پہنا؟ کیا آپ کے پاس کوٹ نہیں ہے؟

جس پر یوکرینی صدر ولوودیمیر زیلنسکی نے مسکرا کر بات ٹال دی تھی لیکن آج جب وہ دوبارہ امریکا آئے ہیں تو سیاہ کوٹ پینٹ اور ٹائی پہنے ہوئے تھے۔

جس پر اُسی امریکی صحافی برائن گلین نے کہا کہ آج آپ اس سوٹ میں واقعی بہت اچھے لگ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ اور پیوٹن کی 4گھنٹے کی تفصیلی ملاقات، بہت سی باتوں پر اتفاق ہوگیا، امریکی صدر

اس موقع پر صدر ٹرمپ نے فوراً بات کاٹی اور ہنستے ہوئے زیلنسکی سے کہا کہ میں نے بھی یہی کہا تھااور یہ وہی صحافی ہیں جنہوں نے پچھلی بار آپ پر کڑا سوال داغا تھا۔

جس پر ولوودیمیر زیلنسکی نے اس صحافی کو برجستہ جواب دیا کہ میں نے تو اس بار لباس بدل لیا لیکن آپ ابھی تک ان ہی پرانے کپڑوں میں ہیں۔

یہ جملے سن کر کمرے میں موجود سبھی لوگ مسکرا اٹھے اور ملاقات کا ماحول دوستانہ اور ہلکا پھلکا ہو گیا، جو پچھلی ملاقات کے برعکس خوشگوار نظر آیا۔

Scroll to Top