پشاور(کشمیر ڈیجیٹل)خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں آسمانی بجلی گرنے اور کلاؤڈ برسٹ سے اب تک گیارہ افراد جان کی بازی ہار گئے
حادثے میں 4 افراد زخمی جبکہ 17 افراد کی تلاش جاری ہے ۔ حادثے میں کئی مکان تباہ ہوگئے۔
ضلع باجوڑ کی تحصیل سلارزئی کےعلاقہ جبراڑئی میں رات تقریباً 12 بجے بادل پھٹنے اور آسمانی بجلی گرنے سے کئی مکان تباہ ہوگئے ہیں ۔ متعدد افراد ملبے تلے دب گئے ۔ جنہیں نکالنے کےلئے مقامی افراد نے امدادی کارروائیاں شروع کی۔
ریسکیو ٹیمیں بھی رات کے وقت جائے وقوعہ پر پہنچ گئی تاہم پانی کے بہاو تیز اور سطح بلند ہونے سے ریسکیو کی مشینری کو پہنچنے میں کافی مشکل پیش آئی۔
ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی نے میڈیا کو بتایا کہ اب تک 11 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں جبکہ 3زخمیوں کو علاج کےلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال خار منتقل کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ مزید لاشوں کی تلاش کےلئے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ریسکیو اور مقامی افراد امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ مقامی افراد کے مطابق 17 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق کلاؤڈ برسٹ کی وجہ سے علاقے میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی۔ راستہ بند ہونے سے ریسکیو ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی آبادی اپنی مدد آپ کے تحت متاثرین کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔
دوسری جانب لوئر دیر کے علاقے میدان سوری مکان کی چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔ ریسکیو اہلکاروں اورمقامی افراد نے 7 افراد کو ملبے سے نکال لیا۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی آزاد کشمیر میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ بارشوں اور گلیشئر پھٹنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہوگئی۔
غذر میں سیلابی ریلے سے 8 افراد جان سے گئے جبکہ دیامر میں دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ آزاد کشمیر میں شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ سے 7 افراد لقمہ اجل بنے۔ درجنوں مکان، پل اور سڑکیں تباہ ہوگئے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد، لینڈ سلائیڈنگ میں دب جانیوالے ایک ہی خاندان کے افراد کی لاشیں نکال لیں