پاکستان میں سب کو سیاست کا حق ہے بغاوت کا نہیں، وزیراعظم،آرمی راکٹ فورس کی تشکیل کا اعلان

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نےکہا ہےکہ پاکستان میں سب کو سیاست کا حق ہے مگر ریاست کے خلاف بغاوت کا نہیں، سب کو احتجاج کا حق ہے، جلاؤ گھیراؤ اورگالی کا نہیں۔

جناح اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں میں یوم آزادی اورمعرکہ حق میں فتح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وقت آچکاہے کہ ہم سیاسی تقسیم، ذاتی مفادات اورکھوکھلے نعروں سے آگے بڑھیں۔

ہم آگے بڑھ کرپاکستان کے لیے اجتماعی سوچ اپنائیں، آج کے عظیم دن پر تمام سیاسی جماعتوں، اسٹیک ہولڈرز اور سول سوسائٹی کو میثاق استحکام پاکستان کاحصہ بننے کے لیے دعوت دیتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا 78واں جشن آزادی قوم کو مبارک،اسلام آباد میں تقریب، ترکیہ اور آذربائیجان کی مسلح افواج کے دستے بھی شریک

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ میثاق معیشت کی بحالی کا منصوبہ نہیں وسیع ترقومی مفاد کی بنیاد ہے، چاہتے ہیں کہ پوری دنیا دیکھ سکےکہ ہمارے اختلافات اپنی جگہ مگر پاکستان کی خاطرہم ایک ہیں۔

ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں، اس جنگ میں 90 ہزار پاکستانی شہید ہوئے، 150 ارب ڈالرز کا مالی نقصان ہوا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اب ہم کسی نئے فتنےکو جگہ نہیں دیں گے، پاکستان میں سب کو احتجاج کا حق ہے لیکن جلاؤ گھیراؤکا نہیں، تنقید کا حق ہے لیکن توہین اورگالی کا نہیں، سیاست کا حق ہے لیکن ریاست کے خلاف بغاوت کا نہیں، ہم اس کو کسی صورت پنپنے نہیں دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف آزادی کی جنگ نہیں دو قومی نظریےکی فتح تھی، تحریک پاکستان کے تمام قائدین اورکارکنوں کوسلام عقیدت پیش کرتا ہوں، ہم نے جشن آزادی کو معرکہ حق کا نام دیا ہے، 4 دن کے اندربھارت کا غرور مٹی میں مل گیا۔

بھارت کی آنے والی نسلیں اس شکست کویاد رکھیں گی، بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا، اس کو گھمنڈ تھا کہ اپنی جنگی طاقت سے پاکستان کو زیرکرےگا۔

معرکہ حق نے ثابت کیا کہ ہم اس آزادی کی حفاظت کرنے کی طاقت رکھتے ہیں، ہماری ایٹمی طاقت کسی طورپرجارحانہ سوچ نہیں رکھتی، ہم نے بھارت کی جوہری طاقت کےمقابلے میں ایٹمی طاقت کے حصول کا راستہ اپنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دوست ممالک نے مشکل گھڑی میں ہمارا حوصلہ بڑھایا۔ چین، سعودی عرب، ترکیہ، آذربائیجان، یو اے ای اور ایران نے پاکستانی مؤقف کی کھل کرحمایت کی۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر بھر میں معرکہ حق وجشن آزادی پاکستان کی رنگا رنگ تقریبات شروع

امریکی صدر کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے جنگ بندی کے لیے ٹھوس کوششیں کیں، امید ہے ٹرمپ کشمیرکا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کروائیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان بحران سے نکل کر نئے معاشی دور میں داخل ہو رہا ہے، مہنگائی کی سطح جو 34 فیصد پر پہنچ گئی تھی آج 5 فیصد پر آگئی ہے، شرح سود 21 فیصد سے 11 فیصد پر آگئی ہے۔

یہ صرف آغاز ہے، مستقبل کی راہیں ہمیں شبانہ روز محنت سے طے کرنی ہیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا شکریہ جنہوں نے سول حکومت سے بھرپور تعاون کیا، عدلیہ کے تعاون سے قومی خزانے میں 100 ارب روپے سے زیادہ رقوم جمع ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں:سابق وزیراعظم کے بیٹے سے ڈاکو ایک کروڑ 85 لاکھ روپے مالیت کی قیمتی گھڑی لے اُڑے

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ غزہ اور کشمیر میں بے گناہوں کا خون بہتا ہے، فلسطین اور کشمیر کے عوام کے ساتھ حقوق حاصل ہونے تک کھڑے رہیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی راکٹ فورس کمانڈ کی تشکیل کا اعلان بھی کیا،انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی حامل اور دشمن کو ہر سمت سے نشانہ لگانے کی صلاحیت رکھنے والی یہ فورس ہماری روایتی جنگی صلاحیت کو مزید مضبوط کرنے کے حوالے سے ایک اور سنگ میل ثابت ہوگا۔

Scroll to Top