آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستانی ویمن کرکٹرزمنیبہ اور فاطمہ کی شاندار ترقی

(کشمیر ڈیجیٹل)آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستانی خواتین کرکٹرز منیبہ علی اور فاطمہ ثنا کی پوزیشن میں شاندار بہتری آئی ہے، جو آئرلینڈ کے خلاف سیریز میں شاندار کارکردگی کا نتیجہ ہے۔

سیریز کے آخری میچ میں منیبہ علی نے ناقابل شکست سنچری اسکور کر کے پاکستان کو فتح دلائی، جس پر انھیں رینکنگ میں تین درجے ترقی ملی اور وہ 32 ویں نمبر پر پہنچ گئیں۔ اسی طرح آل راؤنڈر فاطمہ ثنا نے بیٹنگ رینکنگ میں چار درجے بہتری حاصل کی اور 59 ویں پوزیشن پر آگئیں۔

پاکستانی اسپنر سعدیہ اقبال اگرچہ سیریز میں کم وکٹیں حاصل کر سکیں، تاہم وہ بدستور ٹی ٹوئنٹی بولنگ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

آئرلینڈ کی آل راؤنڈر اورلا پرینڈرگسٹ نے پاکستان کے خلاف شاندار کارکردگی کے بعد بیٹنگ میں 8 درجے ترقی کے ساتھ 19 ویں نمبر پر جگہ بنائی، جبکہ آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھی 3 درجے ترقی پا کر چھٹے نمبر پر پہنچ گئیں۔ تین میچوں کی سیریز میں آئرلینڈ نے پاکستان کو 1-2 سے شکست دی اور پرینڈرگسٹ 144 رنز اور 4 وکٹوں کے ساتھ پلیئر آف دی سیریز قرار پائیں۔

آئرلینڈ کی کپتان لورا ڈیلینی بیٹنگ رینکنگ میں 5 درجے ترقی پا کر 50 ویں نمبر پر پہنچیں جبکہ ربیکا اسٹوکل بھی 5 درجے ترقی کے بعد 77 ویں پوزیشن پر آگئیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کی تجارتی مذاکرات میں مسلسل ہٹ دھرمی پر امریکی وزیر خزانہ برہم

بولنگ رینکنگ میں آسٹریلیا کی اینابیل سدھرلینڈ پہلی بار نمبر ون پوزیشن پر پہنچ گئی ہیں، حالانکہ مارچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 4 وکٹیں لینے کے بعد سے وہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں نہیں کھیلی ہیں، لیکن ان کے 736 پوائنٹس برقرار رہے جبکہ دیگر ٹاپ بولرز کے پوائنٹس میں کمی آئی۔

Scroll to Top