بارشوں کا ساتواں سپیل،آزادکشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری

اسلام آباد:محکمہ موسمیات نے آزادکشمیر ، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق، بحیرہ عرب سے آنے والے مون سون کے جھکڑ پاکستان کے بالائی علاقوں میں مسلسل داخل ہو رہے ہیں جبکہ خلیج بنگال سے آنے والی مرطوب ہوائیں ہفتے کے وسط میں مزید مضبوط ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 14 سے 17 اگست کے دوران آزاد کشمیر، اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں بارش، ہوا اور گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں موسلا دھار بارش متوقع ہے۔

18 سے 21 اگست کے دوران شمالی علاقوں میں، بشمول وادی نیلم ، مظفرآباد، راولا کوٹ، پونچھ اور گلگت بلتستان کے کئی اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔

18 سے 21 اگست کے دوران خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع، بشمول دیر، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور اور مردان میں وسیع پیمانے پر بارشیں ہوں گی، جن میں کہیں کہیں شدید سے بہت شدید بارش بھی ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر بھر میں مون سون بارشیں، حویلی ،مظفرآباد میں موسم خوشگوار ،الرٹ جاری

پنجاب میں، بشمول اسلام آباد/راولپنڈی، مری، گلیات، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور فیصل آباد میں 18 سے 21 اگست کے دوران موسلا دھار بارشیں ہوں گی، جبکہ جنوبی اضلاع میں کہیں کہیں ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔

بلوچستان کے بعض حصے، بشمول بارکھان، ژوب، خضدار، گوادر اور پنجگور، اور سندھ کے کئی اضلاع، بشمول کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ اور تھرپارکر میں 18 سے 22 اگست کے دوران بارشیں متوقع ہیں۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ 15 سے 21 اگست کے دوران خیبر پختونخوا، مری، گلیات، شمال مشرقی پنجاب اور آزاد کشمیر کے مقامی ندی نالوں میں اچانک طغیانی آ سکتی ہے، جبکہ 18 سے 21 اگست کے دوران ڈیرہ غازی خان اور مشرقی بلوچستان میں پہاڑی سلسلوں سے آنے والے ریلوں کا خطرہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کے مختلف حصوں میں آج بھی بارش کا امکان ہے، مون سون بارشوں کا ساتواں اسپیل کل سے متوقع

اسی مدت میں اسلام آباد/راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، پشاور اور نوشہرہ کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ رہے گا۔

خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے سڑکیں بند ہوسکتی ہیں۔

موسلا دھار بارش، تیز آندھی اور بجلی گرنے سے کمزور ڈھانچوں جیسے کچے مکانات کی دیواریں، چھتیں، بجلی کے کھمبے، اشتہاری بورڈز، گاڑیاں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے عوام، مسافروں اور سیاحوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر حساس علاقوں کا سفر نہ کریں اور تازہ ترین موسمی صورتحال سے باخبر رہیں۔

تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کیلئے ہائی الرٹ پر رہیں۔

Scroll to Top