فیفا کلب ورلڈ کپ میں پاکستانی فٹبالر کی تاریخ ساز انٹری

پاکستانی نژاد فٹبالر حارث زیب فیفا کلب ورلڈ کپ کا حصہ بنیں گے ،تاریخ میں یہ پہلی بار ہوا ہے کہ کسی پاکستانی کھلاڑی کی فیفا کلب میں انٹری ہوئی ہے۔

نوجوان مڈفیلڈر نے نیوزی لینڈ کے معروف فٹبال کلب آکلینڈ سٹی کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہےاورآکلینڈ سٹی کلب اس سال ہونے والے فیفا کلب ورلڈ کپ میں حصہ لے گا۔ آکلینڈ سٹی نے اوشیانا چیمپئنز لیگ جیت کر فیفا کلب ورلڈ کپ 2025 کے لیے کوالیفائی کیا ہےاور اب اس کا سامنا عالمی فٹبال کے بڑے کلبز سےہوگا۔ ٹورنامنٹ میں آکلینڈ کا مقابلہ جرمنی کے بائرن میونخ، ارجنٹائن کے بوکا جونیئرز اور پرتگال کے بینفیکا جیسے مضبوط حریفوں سے ہوگا۔

23 سالہ حارث زیب نیوزی لینڈ میں پیدا ہوئے ہیں لیکن ان کے پاس پاکستان اور نیوزی لینڈ دونوں کی شہریت ہے۔ انہیں 2023 میں چار ملکی ٹورنامنٹ کے لیے پاکستانی فٹبال ٹیم میں شامل کیا گیا تھا لیکن انجری کے باعث وہ ماریشس میں ہونے والے اس ایونٹ میں شرکت نہ کر سکے تاہم وہ پہلے ہی پاکستان فٹبال فیڈریشن کو اپنی دستیابی کے لیے آگاہ کر چکے ہیں جس سے قومی ٹیم میں ان کی شمولیت کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:آج آزاد کشمیر میں دھوپ، ٹھنڈی ہوائیں اور کہیں کہیں ہلکی بارش کا امکان

حارث زیب نے آکلینڈ سٹی کے ساتھ پری سیزن ٹریننگ شروع کر دی ہے اور جلد ہی میدان میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے لیے تیار ہیں ۔ ان کی شمولیت نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں پاکستانی فٹبال کے شائقین کے لیے ایک بڑی خوشخبری ہے۔

Scroll to Top