چکار (کشمیر ڈیجیٹل) صدر مسلم کانفرنس حلقہ چکار اور معروف سیاسی شخصیت سردار عبدالقیوم خان نے مسلم کانفرنس کو خیرآباد کہہ کر اپنے سیکڑوں ساتھیوں، خاندانوں اور قریبی رشتہ داروں کے ہمراہ مسلم لیگ ن اور قائد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کے قافلے میں شمولیت اختیار کر لی ہے ۔
شمولیت اختیار کرنے والوں میں سیاسی و سماجی شخصیات میں راجہ خورشید ، راجہ حاکم دین ، راجہ لیاقت حسین ، سردار عبد الحمید ، حاجی رحمدین ، راجہ ارشد حسین ، سردار اسماعیل ، راجہ شفقت ، راجہ حمید ، راجہ آصف منظور، خان مظہر ایڈووکیٹ ، راجہ رفیق خان ، سردار ظہور احمد خان ، سردار ظفراقبال خان ، سردار منظور خان ، سردار صدام منظور اور دیگر سینکڑوں رہنما شامل ہیں ۔
اس موقع پر سابق وزیراعظم آزادکشمیر اور مسلم لیگ ن کے قائد راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ آزادکشمیر کے نوجوانوں کو سفارشی نظام سے نجات دلانے کے لئے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے اور ن لیگ کی حکومت آنے پر روزگار میرٹ ، اہلیت اور صلاحیت کی بنیاد پر فراہم کیا جائے گا ۔
یہ بھی پڑھیں:عوامی ایکشن کمیٹی کا مینڈیٹ نہیں، آئین پامال کرنا چاہتی ہے: راجہ فاروق حیدر
انہوں نے کہا کہ 2016 سے 2021 کے دوران ن لیگ نے شفافیت، میرٹ اور مالی خودمختاری کو یقینی بنایا ہے اور آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت جاری رکھی جائے گی ۔ راجہ فاروق حیدر خان نے مزید کہا کہ آزادکشمیر کے وسائل کا غلط استعمال اب نہیں ہوگا اور عوام کا حق عوام کو واپس دیا جائے گا ۔
انہوں نے پاکستان کے ساتھ نظریاتی وابستگی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر سازش کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا ۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے مرکزی نائب صدر راجہ آفتاب، ممبران ضلع کونسل عظیم زاہد ایڈووکیٹ، راجہ انور حسین، ملک بشیر، سردار منیب خان چکاری سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا اور نئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہا ۔