مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)ہم، پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے نائب صدر سردار عبدالقیوم نیازی، قائد حزب اختلاف قانون ساز اسمبلی خواجہ فاروق احمد، اور نائب صدر سید ذیشان حیدر، ریاست بھر میں 5 اگست یومِ سیاہ کے موقع پر ہونے والے پرامن، منظم اور تاریخی احتجاجی مظاہروں پر تحریک انصاف کے تمام کارکنان، عوامی نمائندگان، ضلعی و تحصیل تنظیمات، خواتین ونگ، یوتھ ونگ اور تمام غیور کشمیری عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
آزادکشمیر کے تمام اضلاع، تحصیلوں اور یونین کونسلوں میں عوام نے بھرپور شرکت کر کے یہ پیغام دیا ہے کہ:
وہ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی جارحیت، 5 اگست 2019 کے غیر آئینی اقدامات اور کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کو کسی صورت قبول نہیں کرتے۔
اور وہ عمران خان کی غیر قانونی گرفتاری، آئینی و جمہوری اقدار کی پامالی اور سیاسی انتقام کے خلاف پوری قوت کے ساتھ کھڑے ہیں۔
یہ ریاست گیر احتجاج مظاہرے اس بات کی گواہی ہیں کہ تحریک انصاف آزادکشمیر آج بھی عوامی تائید و حمایت کا سب سے بڑا مرکز ہے۔
ہزاروں کارکنان نے شاہراہوں پر نکل کر پرامن طریقے سے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا، اور عالمی برادری کو پیغام دیا کہ کشمیری عوام نہ صرف بھارتی ظلم کے خلاف ہیں بلکہ پاکستان میں انصاف، آئین اور جمہوریت کے محافظ عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ:
اگست 2019 صرف ایک تاریخ نہیں، بلکہ کشمیریوں کی تاریخ کا وہ سیاہ باب ہے، جب نریندر مودی کی حکومت نے طاقت کے زور پر کشمیریوں کے حقوق سلب کیے۔
اور 5 اگست 2023 کو پاکستان کی تاریخ کا ایک اور سیاہ دن رقم ہوا جب امت مسلمہ کے عظیم رہنما عمران خان کو ایک سیاسی سازش کے تحت گرفتار کیا گیا۔
یہ دن کشمیری عوام کے دلوں پر دوہرا زخم بن کر رہ گیا ہے، لیکن ہم وعدہ کرتے ہیں کہ:نہ ہم کشمیر کو بھولیں گے، نہ عمران خان کو تنہا چھوڑیں گے۔
ہم اقوام متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ:وہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات، انسانی حقوق کی پامالی، اور کشمیریوں کے حق خودارادیت سے انکار کا نوٹس لیں۔
اور پاکستان میں سیاسی انتقام، آئینی خلاف ورزیوں، میڈیا پر پابندیوں اور ایک عوامی لیڈر کی غیرقانونی گرفتاری کے خلاف آواز بلند کریں۔
آخر میں، ہم ایک بار پھر تمام کارکنان کو شاندار کردار، پرامن نظم و ضبط، اور سیاسی شعور پر مبارکباد دیتے ہیں اور اعلان کرتے ہیں کہ:
تحریک انصاف کی یہ جدوجہد، عمران خان کی رہائی، اور کشمیر کے حقِ خودارادیت تک جاری رہے گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آپریشن بنیان مرصوص رہتی دنیا تک بھارت کا پیچھا کرتا رہے گا، عبدالرشید ترابی




