(کشمیر ڈیجیٹل) ویسٹ انڈیز نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کر دی ہے۔ فیصلہ کن مقابلہ اب تیسرے میچ میں ہو گا۔
فلوریڈا میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے۔ حسن نواز نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 40 رنز کی اننگز کھیلی، جب کہ کپتان سلمان علی آغا 38 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ فخر زمان نے 20 رنز کا اضافہ کیا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر سب سے کامیاب باؤلر رہے، جنہوں نے 4 اوورز میں صرف 19 رنز دے کر 4 اہم کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ان کا بھرپور ساتھ گوداکیش موتی نے دیا جنہوں نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں ویسٹ انڈیز کو آخری گیند پر کامیابی ملی۔ جیسن ہولڈر نے آخری گیند پر چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو فتح دلا دی۔ ہدف کے تعاقب میں گوداکیش موتی 28 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، کپتان شائی ہوپ نے 21 رنز بنائے جبکہ روسٹن چیز اور ہولڈر نے بالترتیب 16، 16 رنز اسکور کیے۔
یہ میچ آخری لمحات تک سنسنی خیز رہا، مگر پاکستان کی باؤلنگ آخری اوورز میں دباؤ برقرار رکھنے میں ناکام رہی، جس کا فائدہ ویسٹ انڈین بلے بازوں نے اٹھایا۔
یہ بھی پڑھیں:میرپور کی کوڑا دان سروس ناکامی کے دہانے پر، شہر گندگی کا شکار
اب دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میچ فائنل کی حیثیت اختیار کر چکا ہے، جو شائقین کرکٹ کے لیے خاصا دلچسپ ہونے کا امکان ہے۔