(کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان میں الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کیلئے 3,800 سرمایہ کاروں کی دلچسپی سامنے آ گئی ہے۔ یہ غیر معمولی پیش رفت نیشنل انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی (NEECA) کی جانب سے حالیہ اعلان کے بعد سامنے آئی، جس کے تحت الیکٹرک گاڑیوں کی چارجنگ پر بجلی کے نرخوں میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔
نیئکا NEECAکے مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر معظم نے بتایا ہے کہ اب تک 71 اسٹیشنز کے لائسنس جاری کیے جا چکے ہیں، جن میں سے 30 سے 35 اسٹیشنز پہلے ہی فعال ہو چکے ہیں اور انہوں نے رجسٹریشن کے لیے باقاعدہ درخواستیں بھی دے دی ہیں۔ مزید 128 درخواستیں زیرِ عمل ہیں۔
انہوں نےایک نجی ٹی وی کو بتایا کہ ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ معلومات کے تبادلے کا عمل جاری ہے، جبکہ کچھ کمپنیوں کی دستاویزات مکمل ہونے کے قریب ہیں۔
ڈاکٹر معظم کے مطابق بجلی کے نرخوں میں حالیہ کمی نے سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں غیر معمولی اضافہ کیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ بڑی تعداد میں مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں نے پاکستان میں EV چارجنگ نیٹ ورک کے قیام کی طرف قدم بڑھایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: محسن نقوی کی شہید میجر ربنواز گیلانی کے گھر آمد، اہل خانہ سے تعزیت
انہوں نے مزید بتایا کہ جو کمپنیاں مطلوبہ دستاویزات مکمل کر لیتی ہیں، انہیں صرف 15 دن کے اندر لائسنس جاری کر دیے جاتے ہیں۔ یہ سہولت حکومت کی گرین انویسٹمنٹ کی پالیسی کے تحت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال تیزی سے فروغ پا سکے۔